یومِ استحصالِ کشمیر،راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی بینک روڈ پر یکجہتی واک،کشمیریوں سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

بینک روڈ پر کشمیر کے حق میں گونجتے نعرے،آر سی بی افسران اور شہریوں کی بھرپور شرکت
کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت جاری رہے گی،راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا عزم
راولپنڈی (عبدالرحمان سے) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام بینک روڈ پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران، ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واک کی قیادت ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر ضیاء حسین نے کی، جبکہ سیکرٹری راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ عمران حبیب سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور ان سے اظہارِ یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔
واک کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر ضیاء حسین نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنا، ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور ادارے کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ بعد ازاں راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ مرکزی تقریب اور یکجہتی واک میں بھی شرکت کی۔



