اہم خبریں

سوئی ناردرن کا ریکارڈ 34 ارب 65 کروڑ روپے سے زائد منافع، 30 فیصد کیش ڈیویڈنڈ کی سفارش

سوئی ناردرن کا قبل ازمحصول اور انکم ٹیکس ،تاریخ کا سب سے زیادہ 34 ارب 65 کروڑ 60 لاکھ روپے منافع؛ بورڈ کی جانب سے مالی سال 26-2025 کے لیے 30 فیصد حتمی نقد منافعِ منقسمہ (کیش ڈیویڈنڈ) کی سفارش

 

سوئی ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جمعرات، 5 نومبر 2026ء کو لاہور میں منعقدہ اجلاس میں 30 جون 2026ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے کمپنی کے سالانہ مالیاتی گوشواروں کی منظوری دے دی اور حصص داران کی منظوری سے مشروط طور پر فی حصص 3 روپے (30 فیصد) حتمی نقد منافعِ منقسمہ (فائنل کیش ڈیویڈنڈ) دینے کی سفارش کی۔

 

سوئی ناردرن نے مالی سال 26-2025 کے دوران محصولات اور انکم ٹیکس سے قبل 34 ارب 65 کروڑ60 لاکھ روپے کا تاریخی منافع حاصل کیا، جو گزشتہ مالی سال میں حاصل ہونے والے 24 ارب 44 کروڑ60 لاکھ روپے کے مقابلے میں تقریباً 42 فیصد زیادہ ہے۔ کمپنی نے بعد از ٹیکس 14 ارب 80 کروڑ90 لاکھ روپے منافع حاصل کیا، جس کے نتیجے میں فی حصص آمدن23 روپے 35 پیسےرہی، جبکہ مالی سال 25-2024 کے دوران بعد از ٹیکس منافع 14 ارب59 کروڑ20 لاکھ روپے اور فی حصص آمدن (ای پی ایس)23 روپے 01 پیسہ ریکارڈ کی گئی تھی۔

 

کمپنی کی جانب سےانتظامی و عملی صلاحیت میں بہتری لانے اور گیس کے نقصانات (یو ایف جی) پر قابو پانے کے لیے مسلسل اور مؤثر کوششوں کے بھی مثبت نتائج سامنے آئے۔ سال کے دوران یو ایف جی کے حجم میں 1672 ملین مکعب فٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی، جو29520 ملین مکعب فٹ سے کم ہوکر27848 ملین مکعب فٹ رہ گیا ہے۔ یہ کمی کمپنی کے آپریشنل کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور گیس کے نقصانات (یو ایف جی) کی روک تھام کے لیے جاری عزم اور مؤثر اقدامات کی عکاس ہے۔

 

کمپنی کا سالانہ اجلاس عام27 نومبر 2026ء کوکمپنی کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوگا، جس میں حصص داران سالانہ مالیاتی گوشواروں، تجویز کردہ حتمی نقد منافعِ منقسمہ اور دیگر معمول کے کاروباری امور پر غور و خوض کے بعد منظوری دیں گے۔

 

بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بالخصوص گیس کے نقصانات (یو ایف جی) پر قابو پانے اورکمپنی کی جانب سے انتظامی و عملی صلاحیتوں میں بہتری لانے کے لیے کی جانے والی مربوط اور مشترکہ کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ بورڈ نے اپنے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے لیے کمپنی کے ملازمین کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور عزم کو بھی سراہا۔ مزید برآں، بورڈ اراکین، انتظامیہ اور عملے کی گراں قدر خدمات کو کمپنی کی مجموعی کارکردگی میں بہتری اور اس تاریخی مالی سنگِ میل کے حصول میں اہم کردار کا حامل قرار دیا۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button