گرجا روڈ پر مبینہ عطائی ڈاکٹروں اور غیر مستند کلینکس کی بھرمار

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) گرجا روڈ اور گردونواح میں مبینہ عطائی ڈاکٹروں اور غیر مستند کلینکس کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق مختلف مقامات پر ایسے کلینکس قائم ہیں جہاں ڈاکٹروں کی مستند اسناد، رجسٹریشن اور قانونی حیثیت مشکوک ہونے کے باوجود مریضوں کا علاج جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیماری اور مجبوری کے عالم میں سادہ لوح افراد ایسے مراکز کا رخ کرتے ہیں، جہاں غیر مستند علاج انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
تشویشناک امر یہ ہے کہ گرجا روڈ جیسے گنجان آباد علاقے میں مبینہ عطائی پریکٹس کی شکایات کے باوجود مؤثر نگرانی اور جانچ پڑتال دکھائی نہیں دیتی۔ علاقہ مکینوں نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرجا روڈ اور ملحقہ آبادیوں میں قائم تمام کلینکس کی اسناد، رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کی فوری جانچ کی جائے، غیر مستند پریکٹس کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ صحت کے نام پر انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو کھلی چھوٹ نہیں ملنی چاہیے، متعلقہ ادارے کسی بڑے حادثے کا انتظار کرنے کے بجائے فوری عملی اقدامات کریں۔



