زمین کا دیرینہ تنازعہ خونی تصادم میں بدل گیا، سگے ماموں نے بھانجے کی زندگی کا چراغ گل کر دیا

 

تھانہ جاتلی کے علاقے دیوی میں لرزہ خیز واردات:سنگدل ماموں کی فائرنگ سے 35 سالہ بھانجا جاں بحق، ملزم فرار

دیوی داتا میں جائیداد کی دشمنی نے رشتوں کا تقدس پامال کر دیا، بھانجے کے قتل پر پولیس کی کارروائی، ملزم کی تلاش جاری

گوجرخان (قمر شہزاد) تھانہ جاتلی کے علاقے دیوی داتا کی ڈھوک دھمیال میں زمین کے دیرینہ تنازعے نے ایک ہنستے بستے گھر کو ماتم کدہ بنا دیا۔ سگے ماموں نے جائیداد کی ہوس میں اپنے ہی بھانجے کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ مقتول کی شناخت 35 سالہ راجہ گلبدین کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم اظہر مسعود اور مقتول گلبدین کے درمیان عرصے سے زمین کا تنازعہ چل رہا تھا، جس پر کئی بار تلخ کلامی بھی ہوئی، تاہم گزشتہ روز یہ جھگڑا اس وقت خونی رنگ اختیار کر گیا جب ماموں نے طیش میں آکر فائرنگ کر کے اپنے بھانجے کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ جاتلی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد جمع کیے۔ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرخان منتقل کیا۔ پولیس نے مقتول کے لواحقین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس اور سوگ کی فضا برقرار ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے