اسلام آباد سیکٹر E-12 میں 60 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل، 1135 کنال سرکاری اراضی واگزار

چار دہائیوں سے زیر التواء سیکٹر E-12 میں 1135 کنال سرکاری اراضی واگزار کروانے کے بعد سیکٹر ڈویلپمنٹ پر بھرپور کام جاری
چار دہائیوں سے زیر التواء سیکٹر E-12 میں 1135 کنال سرکاری اراضی واگزار کروانے کے بعد سیکٹر ڈویلپمنٹ پر بھرپور کام جاری ہے۔ سیکٹر E-12 کے مجموعی طور پر ابتک 60 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی ہدایت پر متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے سیکٹر E-12 میں ترقیاتی سرگرمیاں تیزی کیساتھ جاری ہیں۔ سیکٹر E-12/4 میں ارتھ ورک کا کام مکمل جبکہ بیس، سب بیس اور ڈرینج کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سروس روڈ خیابانِ اقبال پر ارتھ ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ ساؤتھ اور ایسٹ سروس روڈ پر ارتھ ورک کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ اسی طرح بیس ورک سمیت ڈرینج ورک کا کام بھی تیزی کیساتھ جاری ہے۔
سیکٹر E-12/3 کی 15 گلیوں میں ٹی ایس ٹی (TST) جبکہ باقی گلیوں میں ارتھ ورک اور بیس ورک پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اسی طرح سیکٹر E-12/2 کی 25 گلیوں میں ٹی ایس ٹی (TST) مکمل جبکہ باقی گلیوں میں ارتھ ورک اور بیس ورک پر تیزی سے کام جاری ہے۔ جبکہ سیکٹر E-12/1 کی 25 گلیوں میں ٹی ایس ٹی (TST) مکمل جبکہ باقی گلیوں میں ارتھ ورک پر کام جاری ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ سیکٹر ڈویلپمنٹ میں حائل تمام روکاوٹوں کو قانون کیمطابق دور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر E-12 میں 40 سال بعد اربوں روپے مالیت کی 1135 کنال سرکاری اراضی واگزار کروائی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ سیکٹر E-12 سمیت دیگر سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل سی ڈی اے انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹر E-12 کی ڈویلپمنٹ سے نہ صرف شہریوں کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم ہونگی بلکہ شہر کی مجموعی ڈویلپمنٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد میں رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔



