جیئند اوگاہی کے رہائشیوں نے پولیو مہم کا بائیکاٹ ختم کر دیا

کندھ کوٹ (سید رشید احمد شاہ )غوثپور کے نواحی گاؤں جیئند اوگاہی کے رہائشیوں نے پرائمری اسکول کی عمارت کی تعمیر اور مرمت کا کام شروع نہ ہونے کے خلاف جاری پولیو مہم کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ محکمہ صحت کے ضلعی افسر ڈی ایچ او سید اعجاز علی شاہ جیلانی نے جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر سید سہیل احمد شاہ اور دیگر وفد کے ہمراہ گاؤں پہنچ کر متاثرہ رہائشیوں سے مذاکرات کیے اور ان کے تعلیمی مسئلے کو حل کرانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کشمور سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد گاؤں کے معزز شخصیت نصیر خان اوگاہی نے پولیو مہم کے بائیکاٹ کے خاتمے کا اعلان کر دیاتفصیلات کے مطابق غوثپور کے قریب واقع گاؤں جیئند اوگاہی کے رہائشی گزشتہ کافی عرصے سے گاؤں میں پرائمری اسکول کی عمارت کی تعمیر اور مرمت کے مطالبے کے حق میں احتجاج کر رہے تھے۔ گاؤں والوں کا مؤقف تھا کہ اسکول کی عمارت کی منظوری ہونے کے باوجود محکمہ تعلیم کی جانب سے تاحال تعمیراتی کام شروع نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث علاقے کے بچوں کا تعلیمی مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔ رہائشیوں نے اپنے مطالبے کی منظوری تک پولیو مہم کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا اس سلسلے میں ڈی ایچ او سید اعجاز علی شاہ جیلانی نے جمعیت علمائے اسلام کے امیر سید سہیل احمد شاہ کے ہمراہ ایک وفد تشکیل دے کر متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا اور احتجاج کرنے والے رہائشیوں سے ملاقات کرکے ان کے تحفظات سنے۔ مذاکرات کے دوران ڈی ایچ او نے یقین دہانی کرائی کہ اسکول کی عمارت کا معاملہ ڈپٹی کمشنر کشمور کے سامنے اٹھایا جائے گا اور مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گاانہوں نے مزید کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے بچوں کے لیے انتہائی ضروری ہیں اور پولیو مہم سے دور رہنے کی صورت میں بچوں کی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے بچوں کو بروقت پولیو کے قطرے پلانا والدین اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہےوفد کی جانب سے یقین دہانی اور مذاکرات کے بعد گاؤں کے معزز شخصیت نصیر خان اوگاہی نے پولیو مہم کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد علاقے میں پولیو مہم جاری رکھنے کی راہ ہموار ہو گئی علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں کے پرائمری اسکول کی عمارت کا معاملہ جلد حل کرکے تعمیراتی کام شروع کروایا جائے تاکہ علاقے کے بچوں کو تعلیم کے لیے بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔



