ڈی پی او چکوال کا چوآ سیدن شاہ سرکل کا دورہ، پولیس امور کا جائزہ

کرائم میٹنگ میں زیرِ التواء مقدمات اور تفتیشی افسران کی کارکردگی کا جائزہ، سائلین کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت
چکوال (خاور شہزاد) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال نے چوآ سیدن شاہ سرکل کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے پولیس کے انتظامی و تفتیشی امور کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی پی او نے ایس ڈی پی او آفس چوآ سیدن شاہ میں دفتری ریکارڈ اور انتظامی معاملات کا معائنہ کیا، جبکہ دفتر آنے والے سائلین سے براہِ راست ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور فوری ازالے کے احکامات جاری کیے۔ بعدازاں تھانہ چوآ سیدن شاہ پہنچ کر کرائم میٹنگ کی صدارت کی، جس میں زیرِ التواء مقدمات، تفتیشی افسران کی کارکردگی اور تفتیشی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے تھانے کے ریکارڈ، حوالات، فرنٹ ڈیسک اور دیگر انتظامی شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔ دورے کے آخری مرحلے میں پولیس چوکی بشارت کا وزٹ کیا اور وہاں دستیاب ریکارڈ، انتظامی امور اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی پی او چکوال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی، شہریوں کے مسائل کا بروقت حل اور پولیس کے نظام و رویوں میں مثبت تبدیلی چکوال پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔



