ٹمن قتل کیس: ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار معطل

ٹمن قتل کیس میں پولیس کا بڑا ایکشن، ایس ایچ او سمیت چار اہلکار معطل، گرفتار ملزمان کو مبینہ سہولت کاری کی شکایات پر محکمانہ احتساب شروع
ڈی پی او چکوال کا تھانہ ٹمن کا اچانک دورہ، ابتدائی تصدیق کے بعد کارروائی، انکوائری مکمل ہونے پر مزید محکمانہ اقدامات متوقع
چکوال (خاور شہزاد) چکوال کے علاقے ٹمن میں نوجوان ملک اسد کے قتل کے مقدمے میں پولیس اہلکاروں کی مبینہ غفلت اور گرفتار ملزمان کو سہولت فراہم کرنے کی شکایات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال محمد عاصم جسرا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ ٹمن ثاقب رشید، محرر سمیت چار پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او چکوال نے گزشتہ شب تھانہ ٹمن کا اچانک دورہ کیا اور تھانے کے انتظامی و تفتیشی امور کا جائزہ لینے کے دوران عملے کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کی جانچ پڑتال کی، جن میں قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزمان کو مبینہ طور پر غیر قانونی معاونت فراہم کرنے کے الزامات بھی شامل تھے۔ ابتدائی تصدیق کے بعد متعلقہ اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے باقاعدہ محکمانہ انکوائری اور احتساب کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ٹمن اڈے پر دو فریقین کے درمیان تصادم کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان ملک اسد جاں بحق ہو گیا تھا، جس کے بعد ڈی پی او چکوال نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی تھی۔ واقعے میں ملوث مخالف فریق کے مبینہ سیاسی اثر و رسوخ کے حوالے سے بھی مختلف حلقوں میں سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کی حالیہ معطلی کو اسی مقدمے کے تناظر میں محکمانہ احتساب کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ انکوائری کے حتمی نتائج کی روشنی میں ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف مزید کارروائی متوقع ہے۔



