ایرانی میڈیا کا دعویٰ: خلیجِ عمان میں امریکی بحری جہازوں پر ڈرون حملے

ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے خلیجِ عمان میں امریکی بحریہ کے جہازوں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی ایک ایرانی پرچم بردار بحری جہاز پر مبینہ امریکی میرینز کے حملے اور اسے تحویل میں لینے کے ردعمل میں کی گئی۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان ڈرون حملوں سے کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
اس سے قبل ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر نے امریکی کارروائی کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے ’مسلح بحری قزاقی‘ کہا تھا اور سخت ردعمل کا عندیہ دیا تھا۔
مزید برآں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے بھی خبردار کیا گیا تھا کہ امریکی بحریہ کی کارروائی کا جواب دیا جائے گا۔
یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔



