نمائندگان کی خبریں

گوجرخان میں یومِ عاشورہ کے جلوس و مجالس پرامن اختتام پذیر


تحصیل گوجرخان میں یومِ عاشورہ عقیدت و احترام سے منایا گیا، ہزاروں عزاداروں کی شرکت، تمام ادارے متحرک رہے
مثالی سیکیورٹی، بہترین انتظامات اور بین الادارہ تعاون گوجرخان میں یومِ عاشورہ مرکزی جلوس پرامن ماحول میں اختتام پذیر
گوجرخان (قمر شہزاد) ملک بھر کی طرح گوجرخان اور نواحی علاقوں میں بھی یومِ عاشورہ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ مرکزی امام بارگاہ امامیہ اثناء عشریہ سے برآمد ہونے والا مرکزی ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا سبزی منڈی چوک سے واپس مرکزی امام بارگاہ پہنچ کر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کرتے ہوئے نوحہ خوانی، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کے ذریعے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ اختتامِ مجالس پر شبیہہ ذوالجناح، علم اور تعزیہ کے جلوس بھی نکالے گئے۔ تحصیل گوجرخان میں مجموعی طور پر 16 مقامات پر مجالس و جلوس منعقد ہوئے، جبکہ دولتالہ، سید کسراں، چک راجگان، درکالی، راماں اور دیگر علاقوں میں بھی عزاداری کے اجتماعات پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔ علمائے کرام اور ذاکرین نے فلسفۂ شہادتِ امام حسینؓ اور واقعۂ کربلا کے پیغام پر روشنی ڈالی۔ یومِ عاشورہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر گوجرخان انتظامیہ، پولیس، ٹریفک پولیس، بلدیہ، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، واپڈا اور دیگر اداروں نے مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر خضر ظہور گورائیہ، ایس پی صدر انعم شیر نے انتظامات کا جائزہ لیا، جبکہ اے ایس پی سید دانیال حسن اور ایس ایچ او مرزا طیب ظہیر بیگ کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری جلوس کے تمام راستوں پر تعینات رہی۔ انچارج صدر سرکل ٹریفک انسپکٹر چوہدری قاسم کی سربراہی میں ٹریفک وارڈنز نے 32 پوائنٹس پر ٹریفک کو رواں رکھا، جبکہ چیف آفیسر بلدیہ غلام قمر وڑائچ، ستھرا پنجاب پروگرام کے آپریشنل منیجر بابر شکیل اور متعلقہ محکموں کے افسران صفائی، طبی امداد اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے دن بھر فیلڈ میں موجود رہے۔ انجمن امامیہ اثناء عشریہ اور منتظمین جلوس نے یومِ عاشورہ کے پرامن انعقاد، فول پروف سیکیورٹی اور بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹریفک پولیس، بلدیہ، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، واپڈا، ستھرا پنجاب پروگرام اور دیگر تمام اداروں کے افسران و اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button