ایلیٹ فورس کے فرض شناس افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں پروقار تقریب

ایلیٹ فورس کے فرض شناس افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں پروقار تقریب، ڈی پی او چکوال نے شیلڈز سے نواز دیا
پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین، ایلیٹ فورس کا تجربہ ضلع پولیس کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوگا: ڈی پی او چکوال
چکوال(خاور شہزاد) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال کی جانب سے ایلیٹ پولیس فورس میں مقررہ مدت کے دوران ذمہ داری، پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ڈی پی او چکوال نے نمایاں خدمات سرانجام دینے والے اہلکاروں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ ایلیٹ پولیس فورس میں اپنی تعیناتی کی مدت مکمل کرنے کے بعد مذکورہ افسران و اہلکار اب ضلع پولیس چکوال میں نئی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈی پی او چکوال نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ فورس میں حاصل ہونے والی عملی تربیت، تجربہ، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں ضلع پولیس کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبۂ خدمت، فرض شناسی اور ذمہ داری کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں گے



