پی آئی او محترمہ رئیسہ عادل کا سی پی این ای سیکریٹریٹ کا دورہ

اخباری صنعت کے مسائل، رجسٹریشن، اے بی سی اور سرکاری اشتہارات پر تبادلہ خیال
کراچی (پ ر): وفاقی پریس انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) رئیسہ عادل نے پیر کے روز کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) کے نئے سیکریٹریٹ کا دورہ کیا اور سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے عہدیداران و اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی سندھ محترمہ ارم تنویر بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔اس ملاقات میں ملک بھر کی اخباری صنعت کو درپیش مسائل، اخبارات کی رجسٹریشن، اے بی سی سرٹیفکیشن، سرکاری اشتہارات اور زیر التوا واجبات سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سی پی این ای کی جانب سے اخباری صنعت کے مسائل اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملک بھر میں اخبارات و جرائد کو رجسٹریشن کے عمل میں مشکلات اور غیر معمولی تاخیر کا سامنا ہے، جس کے باعث متعدد ادارے متاثر ہو رہے ہیں۔سی پی این ای عہدیداران نے پی آئی او محترمہ رئیسہ عادل کا سیکریٹریٹ آمد پر خیرمقدم کیا۔اس موقع پر سی پی این ای عہدیداران نے نئے سیکریٹریٹ کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اسے ریاستی سطح کے جدید تربیتی و پیشہ ورانہ مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گا، جہاں سی پی این ای کے اراکین اور صحافتی اداروں کے نمائندگان کے لیے تربیتی پروگرامز اور دیگر پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا سکے گا۔سی پی این ای نمائندگان نے 2019 سے اب تک پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (PID) کے ذمے واجب الادا رقوم کی فوری ادائیگی کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ اخباری اداروں کے مالی استحکام کے لیے زیر التوا واجبات کی ادائیگی ناگزیر ہے۔پی آئی او محترمہ رئیسہ عادل نے اے بی سی کے حوالے سے بتایا کہ فی الوقت متعلقہ افسر کی عدم موجودگی کے باعث بعض امور متاثر ہیں تاہم افسر کی تعیناتی کے حوالے سے پیش رفت متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اے بی سی اور رجسٹریشن کے نظام کو باہم مربوط کرنے کے حوالے سے بھی غور کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ایک موثر نظام وضع کرنے پر کام جاری ہے۔ملاقات میں سرکاری اشتہارات کی منصفانہ تقسیم، بالخصوص علاقائی اخبارات اور جرائد کے اشتہارات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ سی پی این ای کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ علاقائی اخبارات اور مقامی نوعیت کے اشتہارات کو متعلقہ علاقوں کے اخبارات میں شائع کرنے کی پالیسی پرموثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔پی آئی او رئیسہ عادل نے یقین دلایا کہ علاقائی اخبارات کے اشتہارات سمیت دیگر مسائل کا جائزہ لیا جائے گا اور قابل عمل تجاویز پر متعلقہ فورمز سے مشاورت کی جائے گی۔ملاقات کے اختتام پر پی آئی او رئیسہ عادل نے سی پی این ای کی میزبانی کا شکریہ ادا کیا جبکہ سی پی این ای کی جانب سے اخباری صنعت کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزارتِ اطلاعات اور متعلقہ اداروں کے تعاون کی امید کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل غلام نبی چانڈیو کے فنانس سیکریٹری عارف بلوچ، انفارمیشن سیکریٹری منزہ سہام، نائب صدور قاضی اسد عابد اور انورساجدی، جوائنٹ سیکریٹری سندھ مقصود احمد یوسفی سمیت سینئر اراکین اعجاز الحق، حامد حسین عابدی،عبدالخالق علی، بشیر احمد میمن، عبدالسمیع منگریو، شیر محمد کھاوڑ،محمود عالم خالد اور سلمان قریشی موجود تھے۔



