شادی کی آڑ میں قانون شکنی مہنگی پڑ گئی،وارث خان پولیس کا ایکشن،تین مقدمات درج

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) تھانہ وارث خان پولیس نے شادی تقریبات میں قانون کی دھجیاں اڑانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین الگ الگ ایف آئی آر درج کر لیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کے خلاف پنجاب میرج فنگشن ایکٹ 2016 اور 4 پنجاب آرڈیننس کی خلاف ورزی، خصوصی طور پر آتش بازی، اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کیے گئے۔ پولیس نے ملزمان پر دفعہ 286، 285 کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق شادی تقریبات میں اوقات کار اور ساؤنڈ سسٹم کی پابندیوں کو نظر انداز کیا جا رہا تھا، جبکہ آتش بازی کا سلسلہ بھی جاری تھا، جس پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے قانونی شکنجہ کس دیا۔ ان مقدمات کی تفتیش سب انسپکٹر یعقوب کے سپرد کر دی گئی ہے، جو پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون سے کھلواڑ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ شادی خوشی کا موقع ضرور ہے، مگر قانون کی خلاف ورزی مہنگی پڑ سکتی ہے۔



