تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شاہکوٹ میں تحصیل کونسل کا اہم اجلاس

صحت عامہ کے معاملات پر تفصیلی غور، طبی سہولیات کی بہتری کیلئے اہم فیصلے
شاہکوٹ (میاں داؤد) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شاہکوٹ میں تحصیل کونسل کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت عامہ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایم پی اے و چیف وہپ پنجاب اسمبلی اور مانیٹرنگ آفیسر رانا محمد ارشد نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ اقراء ناصر، ڈپٹی ہیلتھ آفیسر شاہکوٹ اور دیگر معزز ممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، مریضوں کی دیکھ بھال اور عملے کی کارکردگی جیسے اہم معاملات زیر بحث آئے۔
شرکاء نے ہسپتال کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر ایم پی اے رانا محمد ارشد نے ہسپتال کے انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔



