آبادی کے قریب کوئلہ کریشر پلانٹس کی تنصیب پر شہری سراپا احتجاج

فوجی فاؤنڈیشن سکول کے قریب کریشر پلانٹس کی تنصیب، شہداء کے بچے زیرِ تعلیم اور ہاسٹل میں مقیم، شہریوں نے فوری کارروائی کا مطالبہ کردیا
چوآ سیدن شاہ(خاور شہزاد ) چوآ سیدن شاہ میں کوئلہ کریشر پلانٹس کی شہر سے منتقلی کے بعد انہیں سرائیں چوک سے آگے بشارت روڈ پر رہائشی آبادی اور تعلیمی ادارے کے قریب نصب کیے جانے پر مقامی شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ شہریوں کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ضبط کی گئی کوئلہ کریشر مشینیں بشارت روڈ پر منتقل کرکے نصب کی گئی ہیں، جبکہ مذکورہ مقام کے گردونواح میں بڑی تعداد میں لوگ رہائش پذیر ہیں اور چند سو فٹ کے فاصلے پر فوجی فاؤنڈیشن سکول قائم ہے جہاں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ شہداء کے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچے بھی دور دراز علاقوں سے آکر اسی ادارے کے ہاسٹل میں رہائش پذیر ہیں۔ مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ کوئلہ کریشر پلانٹس سے پیدا ہونے والے گردوغبار، شور اور ممکنہ فضائی آلودگی کے خدشات کے پیش نظر آبادی اور تعلیمی ادارے کے قریب ان کی تنصیب تشویش کا باعث ہے، جس پر ماحولیاتی اور قانونی تقاضوں کی مکمل جانچ ضروری ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات اور اسسٹنٹ کمشنر چوآ سیدن شاہ محمد اقبال سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بشارت روڈ پر قائم کریشر پلانٹس کا موقع پر معائنہ، ان کی قانونی و ماحولیاتی حیثیت کی جانچ اور سکول و آبادی سے فاصلے سمیت تمام متعلقہ ضوابط کی پڑتال کرائی جائے، جبکہ خلافِ ضابطہ تنصیب ثابت ہونے کی صورت میں پلانٹس کو آبادی اور تعلیمی ادارے سے دور منتقل کرنے کے لیے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے



