ایم پی اے مہوش سلطانہ راجہ کی آواز رنگ لے آئی، چوآ سیدن شاہ اور کلرکہار پہاڑی الیکٹرک بس منصوبے میں شامل

ایم پی اے مہوش سلطانہ راجہ کی آواز رنگ لے آئی، چوآ سیدن شاہ اور کلرکہار پہاڑی الیکٹرک بس منصوبے میں شامل
پنجاب اسمبلی میں مؤثر مطالبہ، وزیر ٹرانسپورٹ کی یقین دہانی جون سے آغاز اکتوبر تا نومبر تک تکمیل کا ہدف
چوآ سیدن شاہ (خاور شہزاد)تحصیل چوآ سیدن شاہ اور تحصیل کلرکہار کے عوام کیلئے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں وزیر ٹرانسپورٹ نے ان دونوں پہاڑی تحصیلوں کیلئے خصوصی الیکٹرک بس منصوبے پر پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے اہم یقین دہانی کروائی ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے مہوش سلطانہ راجہ نے وزیر ٹرانسپورٹ سے براہِ راست سوال اٹھایا کہ چونکہ چوآ سیدن شاہ اور کلرکہار دونوں دشوار گزار اور پہاڑی علاقے ہیں، اس لیے یہاں ایسی الیکٹرک بسوں کی ضرورت ہے جو ان مخصوص جغرافیائی حالات میں مؤثر انداز میں چل سکیں۔ اس پر وزیر ٹرانسپورٹ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عنقریب ایسے جدید ماڈلز متعارف کرا رہی ہے جو مری جیسے بلند پہاڑی علاقوں میں بھی کامیابی سے چلیں گے، اور یہی ٹیکنالوجی ان علاقوں کیلئے بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے پر عملی کام جون سے شروع ہوگا جبکہ اکتوبر تا نومبر تک اسے پایۂ تکمیل تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ جدید، محفوظ، ماحول دوست اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرے گا، جس سے طلبہ، خواتین، ملازمین اور روزانہ سفر کرنے والے شہری براہِ راست مستفید ہوں گے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس پیش رفت کو علاقے کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ خصوصی الیکٹرک بسیں چوآ سیدن شاہ اور کلرکہار کیلئے منظور ہو جاتی ہیں تو یہ اقدام عوامی خدمت اور علاقائی بہتری کے حوالے سے ایک تاریخی پیش رفت ثابت ہوگا۔



