یومِ عاشور پر ضلع بھر میں سیکڑوں ماتمی جلوس اور مجالسِ عزا، فول پروف سیکیورٹی میں عزاداری کے اجتماعات جاری

کندھ کوٹ (سید رشید احمد شاہ ): یومِ عاشور (10 محرم الحرام) کے موقع پر ضلع کشمور-کندھ کوٹ کے تینوں تعلقوں کندھ کوٹ، تنگوانی اور کشمور میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں سیکڑوں چھوٹے بڑے ماتمی جلوس، تعزیے اور مجالسِ عزا انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیے گئے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو سروسز اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے سیکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے گئے تاکہ عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔تفصیلات کے مطابق کندھ کوٹ شہر کا مرکزی ماتمی جلوس صبح سویرے مرکزی امام بارگاہ سید غلام شاہ سے برآمد ہوا، جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا درگاہ ودھے شاہ پہنچا جہاں مجلسِ عزا منعقد کی گئی۔ بعد ازاں جلوس شہر کے مختلف شاہراہوں اور گزرگاہوں سے گزرتا ہوا رات تقریباً آٹھ بجے اپنی مقررہ منزل پر اختتام پذیر ہوگا۔مرکزی جلوس میں شہر کی مختلف امام بارگاہوں سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس بھی شامل ہوئے، جن میں لعل شاہ گولیمار، غریب آباد، بہادر محلہ، ماڈل کالونی، درگاہ جمن شاہ اور دیگر علاقوں کے عزادار شامل تھے۔ جلوس کے دوران نوحہ خوانی، سینہ زنی، زنجیر زنی اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ مختلف مقامات پر نیاز، شربت اور سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ادھر تعلقہ تنگوانی کے مختلف علاقوں کرم پور، رسالدار، 27 میل، ملگذار، بگن خان بجارانی اور دیگر دیہات میں بھی یومِ عاشور کے موقع پر ماتمی جلوس اور مجالسِ عزا منعقد کی گئیں۔ عزاداروں نے حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امن، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا۔
اسی طرح تعلقہ کشمور کے علاقوں کشمور شہر، گڈو، گڈو کالونی، بخشاپور، بڈانی، زورگڑھ، رانو اور دیگر مقامات پر بھی مرکزی اور ذیلی ماتمی جلوس اپنے مقررہ روٹس پر برآمد ہوئے۔ جلوسوں میں شریک عزاداروں نے نوحہ خوانی، ماتم اور دعاؤں کے ذریعے شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو یاد کیا، جبکہ علماء کرام نے اپنے خطابات میں واقعۂ کربلا کی دینی، اخلاقی اور تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔یومِ عاشور کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے۔ تمام حساس مقامات، امام بارگاہوں، مجالسِ عزا اور جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔ جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی نگرانی اور موبائل پولیس گشت کو یقینی بنایا گیا جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی نافذ کیا گیا۔اس کے علاوہ واپڈا، بلدیاتی اداروں، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا۔ جلوسوں کے روٹس پر بجلی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، ایمبولینس سروس اور ہنگامی طبی امداد کے خصوصی انتظامات کیے گئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق یومِ عاشور کے تمام مذہبی اجتماعات کو پرامن، محفوظ اور منظم انداز میں منعقد کرانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔



