صاف ستھرا پنجاب ٹیم چوآ سیدن شاہ کے تعاون سے امام بارگاہ درِ عباس دوالمیال کے راستے کی بحالی کا کام شروع

اسسٹنٹ کمشنر محمد اقبال کے بروقت نوٹس اور فوری اقدامات کو عوامی و سماجی حلقوں کی بھرپور داد
چوآ سیدن شاہ (خاور شہزاد) تحصیل چوآ سیدن شاہ کے علاقہ کہون کے قصبہ دوالمیال میں واقع امام بارگاہ درِ عباس کو جانے والے مرکزی راستے کی خستہ حالی سے متعلق عوامی شکایات اور 12 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر چوآ سیدن شاہ محمد اقبال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے راستے کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کروا دیا۔ ان کی ہدایت پر صاف ستھرا پنجاب ٹیم چوآ سیدن شاہ کے تعاون سے امام بارگاہ کی جانب جانے والے مرکزی راستے پر عارضی بنیادوں پر مرمتی اور بحالی کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ محرم الحرام کے دوران عزادارانِ حسینؑ، مومنین اور اہل علاقہ کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ مقام پر نکاسی آب کے مستقل اور دیرپا حل کے لیے ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات سے مشاورت کی روشنی میں مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں تاکہ مستقبل میں اس مسئلے کا مستقل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ اہل علاقہ، مومنین، سماجی و عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر چوآ سیدن شاہ محمد اقبال کی جانب سے مسئلے کا فوری نوٹس لینے، صاف ستھرا پنجاب ٹیم کو متحرک کرنے اور بروقت عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے عوام دوست طرز عمل کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے



