نمائندگان کی خبریں

چوآسیدن شاہ میں مقابلہ جاتِ کلامِ اقبال، طلبہ کی بھرپور شرکت

چوآسیدن شاہ میں آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام کلامِ اقبال، اردو تقریر اور خطاطی و مصوری کے مقابلے، طلبہ و طالبات کی بھرپور شرکت

رکنِ صوبائی اسمبلی مہوش سلطانہ کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت، نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم؛ نئی نسل میں فکری شعور، ادبی ذوق اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ پر زور

چوآسیدن شاہ (خاور شہزاد) آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (اے پی پی ایس ایم اے) تحصیل چوآسیدن شاہ کے زیرِ اہتمام اقبال کالج آف سائنس اینڈ کامرس میں کلامِ اقبال، اردو تقریری اور خاکہ نگاری کے مقابلوں کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں تحصیل بھر کے نجی تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی ادبی، فکری اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی رکنِ صوبائی اسمبلی محترمہ مہوش سلطانہ تھیں، جبکہ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ضلع چکوال کے صدر علی مختار اعوان اور جنرل سیکرٹری سعادت علی اعوان نے بھی خصوصی شرکت کی۔ مقابلوں کے انعقاد اور شرکاء کے لیے بہترین انتظامات آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن تحصیل چوآسیدن شاہ کے صدر محمد یوسف اور جنرل سیکرٹری محمد حارث منیر نے اقبال کالج آف سائنس اینڈ کامرس کی انتظامیہ کے اشتراک سے کیے۔ تقریب میں طلبہ نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے کلام اور افکار سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا، اردو تقریری مقابلوں میں خطابت اور اظہارِ خیال کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ خاکہ نگاری کے مقابلوں میں اپنے فنی اور تخلیقی رجحانات اجاگر کیے۔ مختلف مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ منتظمین کے مطابق ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد نئی نسل میں خودی، خودداری، فکری بالیدگی، ادبی ذوق، خود اعتمادی اور صحت مند مسابقت کے جذبے کو فروغ دینے کے ساتھ فکرِ اقبال کو نوجوان نسل تک مؤثر انداز میں پہنچانا ہے۔ اس تقریب کو نجی تعلیمی اداروں کے مابین باہمی تعاون، تعلیمی ہم آہنگی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن تحصیل چوآسیدن شاہ کی قیادت نے مستقبل میں بھی طلبہ و طالبات کی تعلیمی، ادبی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایسی تعمیری سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button