نمائندگان کی خبریں

ریٹ فکس تھا مگر قسمت خراب نکلی،چک جلال دین کا پٹواری اینٹی کرپشن کے ہتھے چڑھ گیا



ایک لاکھ کی ڈیل مہنگی پڑ گئی،مجسٹریٹ کے سامنے پٹواری رنگے ہاتھوں گرفتار

رشوت لیتے ہی چھاپہ،نشان زدہ نوٹ جیب سے نکلے تو محکمہ مال میں کھلبلی مچ گئی

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) راولپنڈی میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کرپشن کے خلاف بڑی اور دھماکہ خیز کارروائی کرتے ہوئے محکمہ مال چک جلال دین کے پٹواری فرحت محمود کو شہری سے ایک لاکھ روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی اس وقت کی گئی جب ملزم سرکاری کام کے عوض مبینہ طور پر *سیٹنگ* کے نام پر بھاری رقم وصول کر رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ شہری متعدد پٹوار خانے کے چکر لگا لگا کر تنگ آ چکا تھا، مگر ہر بار فائل آگے بڑھانے کے بدلے رقم کا مطالبہ کیا جاتا رہا۔ آخر کار شہری نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ کیا جس پر حکام نے مجسٹریٹ کی نگرانی میں خفیہ منصوبہ بندی کرتے ہوئے ٹریپ ریڈ ترتیب دی۔ شہری کو پہلے سے نشان زدہ نوٹ دیے گئے، اور جیسے ہی پٹواری فرحت محمود نے ایک لاکھ روپے وصول کیے، اینٹی کرپشن ٹیم نے اچانک دھاوا بول دیا۔ ٹیم نے ملزم کو موقع پر ہی دبوچ لیا جبکہ جیب سے برآمد ہونے والے نوٹوں کے نمبر پہلے سے درج تھے، جس کے بعد ملزم کے پاس بچنے کا کوئی راستہ نہ رہا۔ کارروائی کے بعد محکمہ مال میں ہلچل مچ گئی جبکہ شہری حلقوں میں اس ریڈ کو بڑی *بریکنگ کارروائی* قرار دیا جا رہا ہے۔ اینٹی کرپشن حکام نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس کے بعد محکمہ مال کے دیگر اہلکار بھی دباؤ میں آ گئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button