ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں سیکیورٹی گارڈ کی مریض سے بدتمیزی، شہریوں کا احتجاج

راولپنڈی (احمد ضمیر سے) راولپنڈی کے معروف سرکاری ہسپتال، ہولی فیملی ہسپتال میں سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے مریض کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس نے شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، ہسپتال میں تعینات ایک سیکیورٹی گارڈ نے مبینہ طور پر معمولی بات پر ایک مریض کو تھپڑ مارا اور بدتمیزی کی۔ واقعہ کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد عوامی حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کا رویہ اکثر سخت اور غیر ہمدردانہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ متاثرہ مریض کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ صرف ڈاکٹر سے مشورہ لینے آئے تھے جب سیکیورٹی گارڈ نے بدکلامی شروع کر دی اور بات بڑھتے بڑھتے تشدد تک جا پہنچی۔
عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نظیر اور سیکرٹری صحت پنجاب نادیہ ثاقب سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار اہلکار کو برطرف کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، اور ہسپتالوں کے سیکیورٹی نظام کو از سر نو بہتر بنایا جائے۔
اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر سرکاری ہسپتالوں میں عوام کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔ ماہرین صحت اور سماجی کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی عملے کی بہتر تربیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مریضوں کو عزت و احترام کے ساتھ علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔