شہریوں کا آوارہ کتوں کی بہتات اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار

چک جلال دین میں آوارہ کتوں کی بھرمار،شہریوں کا جینا محال،بچہ زخمی
کتوں کے کاٹنے سے کئی افراد متاثر ہو چکے،ارباب اختیار معاملے کا فوری نوٹس لیں،شہری

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) ضلع کونسل کے علاقے چک جلال دین گرجا میں دن دیہاڑے آوارہ کتے کے کاٹنے سے ایک اور بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ چک جلال دین گرجا روڈ اور نواحی علاقوں میں آوارہ کتوں کی ٹولیاں ہر وقت مٹر گشت کرتی نظر آتی ہیں۔ آوارہ کتے چک جلال دین کے مختلف علاقوں گرجا، نئی آبادی، کشمیر کالونی، لکھن لنک روڈ، ملک کالونی، مدنی محلہ، شاہ جیون کالونی، بسم اللہ آباد میں متعدد خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد کو زخمی کر چکے ہیں۔ شہریوں کا آوارہ کتوں کی بہتات اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے چک جلال دین میں آوارہ کتوں کی تلف مہم نہ چلائے جانے کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں آوارہ کتے چک جلال دین کی گلیوں، محلوں، دکانوں دیہاتوں میں گشت کرتے رہتے ہیں۔ متعلقہ محکموں کی جانب سے آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے چک جلال دین کے شہریوں کیلئے آوارہ کتے وبال جان بنے ہوئے ہیں جبکہ آوارہ کتوں کے کاٹنے سے کئی افراد متاثر ہو چکے ہیں، شہریوں نے ارباب اختیار سے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے۔