نمائندگان کی خبریں

کیڈٹ کالج کرمپور میں یومِ اقبال کی پروقار تقریب، کیڈٹس میں انعامات تقسیم

کندھ کوٹ (سید رشید احمد شاہ): کیڈٹ کالج کرمپور میں یومِ اقبال عقیدت و احترام اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف پٹھان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد علامہ اقبال کی شاعری اور ان کے فکری پیغام پر مبنی مختلف پروگرام پیش کیے گئے۔ یومِ اقبال کے حوالے سے کیڈٹس کے درمیان شاعری، انگریزی، اردو اور سندھی تقاریر، ٹیبلو، خطاطی اور دیگر سرگرمیوں کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔

مقابلوں کے نتائج کے مطابق شاعری میں اقبال ہاؤس نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انگریزی تقریری مقابلے میں جناح ہاؤس کے کیڈٹ فائق علی، جبکہ اردو اور سندھی تقریری مقابلوں میں بالترتیب اقبال ہاؤس کے کیڈٹ نصرالدین اور کیڈٹ اکبر علی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ خطاطی کے مقابلے میں شہباز ہاؤس نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

کالج کے پرنسپل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی کو خوش آمدید کہا اور کالج کی تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف پٹھان نے علامہ اقبال کے افکار، خودی، انسانیت اور قومی بیداری کے پیغام کو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ انہوں نے کیڈٹس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پرنسپل اور اساتذہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔

تقریب کے دوران نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ پرنسپل کی جانب سے مہمانِ خصوصی کو کالج کی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف پٹھان نے کالج کی لائبریری کے لیے قیمتی کتابیں بھی بطور تحفہ پیش کیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button