اہم خبریں

چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026 اسلام آباد میں اختتام پذیر



چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026 اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوگئی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف (ایئر ڈیفنس) ایئر مارشل محمد سرفراز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ چیمپئن شپ میں دنیا کے آٹھ ممالک سے تعلق رکھنے والے 24 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ پانچ روزہ ٹورنامنٹ نے ابھرتے ہوئے اسکواش کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے منوانے، عزم و استقامت کے مظاہرے اور کھیل میں مہارت کو مزید نکھارنے کے لیے ایک بھرپور اور مسابقتی پلیٹ فارم فراہم کیا۔ اس اہم بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان، مصر، ملائیشیا، فرانس، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا، بیلجیئم اور ہانگ کانگ چین کے نامور اسکواش کھلاڑی شریک ہوئے۔

پاک فضائیہ کی سرپرستی میں 24 سے 28 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والی پانچ روزہ چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے دوران سنسنی خیز اور سخت مقابلے دیکھنے میں آئے، جن کا اختتام ملائیشیا کے دو کھلاڑیوں کے درمیان ایک دلچسپ فائنل پر ہوا۔ جوآخیم چواہ نے اپنے ہم وطن یی ژیان سیو کو 11-3، 11-4 اور 11-8 سے شکست دے کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ دونوں فائنلسٹ کھلاڑیوں نے غیر معمولی مہارت، جسمانی استعداد اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کو ایک یادگار اور سنسنی خیز اختتام تک پہنچایا۔

اس شاندار کھیلوں کے ایونٹ کا اختتام ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات پر ہوا، جس میں ایئر مارشل محمد سرفراز نے فائنلسٹ کھلاڑیوں کو ان کی نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں انعامات اور ٹرافیاں پیش کیں۔ فائنل مقابلہ ایئر مارشل کاظم حماد، صدر پاکستان اسکواش فیڈریشن، اسکواش کے نامور لیجنڈز، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شریک ممالک کے نمائندگان، کھلاڑیوں، کوچز اور کھیلوں سے وابستہ ممتاز شخصیات نے دیکھا، جس سے تقریب کی اہمیت اور بین الاقوامی وقار میں مزید اضافہ ہوا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل محمد سرفراز نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور چیمپئن شپ کے دوران ان کے غیر متزلزل عزم، نظم و ضبط اور بھرپور مسابقتی جذبے کی تعریف کی۔ انہوں نے اس باوقار بین الاقوامی ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر ایئر مارشل کاظم حماد اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جس نے دنیا بھر سے بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔

پاکستان کے عالمی اسکواش میں بے مثال باب کے درخشاں دور کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے ہمیشہ چیمپئنز کی آبیاری، تربیت اور کھیلوں میں عمدگی کی دیرپا روایت قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان ایئر فورس ملک میں اسکواش کے کھوئے ہوئے عروج کی بحالی کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہے اور اس مقصد کے لیے ادارہ جاتی سرپرستی، عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور باقاعدہ و مؤثر ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ نظام کو فروغ دے رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بصیرت افروز قیادت میں پاکستان ایئر فورس نے قومی اسکواش کے احیاء کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی نشاندہی، مستقبل کے چیمپئنز کی تربیت اور نوجوان کھلاڑیوں کو اعلیٰ ترین بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے، اپنی صلاحیتیں منوانے اور کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے مواقع اور پلیٹ فارمز فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026 کا کامیاب انعقاد پاکستان ایئر فورس کے اس غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے کہ وہ اسکواش کی بحالی اور عالمی سطح پر پاکستان کے کھوئے ہوئے وقار کی واپسی کے لیے پُرعزم ہے۔ اپنی مؤثر سرپرستی اور مسلسل حمایت کے ذریعے پاک فضائیہ قومی اسکواش کی عظیم روایت کو دوبارہ زندہ کررہی ہے، نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے مقابلے میں اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع فراہم کررہی ہے اور نئی نسل کو کھیلوں کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے متحرک کررہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button