کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں مصنوعی ذہانت اور آبی وسائل کے مؤثر انتظام پر کانفرنس

اسلام آباد(فرحین سے) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں آبی وسائل کے مؤثر نظم و نسق میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینے کے سلسلے میں اے این ایس او کامسیٹس کانفرنس برائے مصنوعی ذہانت کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس میں مصنوعی ذہانت، آبی وسائل کے انتظام، پانی کی کمی اور آلودگی جیسے اہم مسائل پر ماہرین نے اظہار خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں پانی کے وسائل کو موسمیاتی تبدیلی، بڑھتی ہوئی آبادی اور آلودگی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے استفادہ ضروری ہے۔
مقررین نے حکومت پاکستان کی جانب سے آبی وسائل کے تحفظ، بہتر انتظام اور پانی کی آلودگی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور قومی سطح پر مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
کانفرنس میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے پانی کے شعبے میں جدید حل تلاش کرنے، تحقیق کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی کو عملی اقدامات میں شامل کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔
تقریب میں مختلف ممالک اور اداروں سے ماہرین، محققین، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔



