گلگت بلتستان میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد شاہراہوں کی بحالی کا کام تیز کر دیا گیا: ترجمان این ایچ اے

اسلام آباد / گلگت (این ای این)
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ترجمان کے مطابق گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور مڈ فلو سے متاثرہ اہم شاہراہوں پر امدادی کارروائیاں اور بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر تیز کر دیا گیا ہے۔ این ایچ اے کا عملہ اور بھاری مشینری سڑکوں کی جلد از جلد صفائی اور آمدورفت کی بحالی کے لیے تمام متاثرہ مقامات پر متحرک ہے۔
ترجمان این ایچ اے نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جگلوٹ اسکردو روڈ (JSR) پر گلگت سائیڈ کے پل سے ملبہ ہٹانے اور صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے شتوت کے مقام سے بھاری مشینری روانہ کی گئی ہے جو اس وقت کلومیٹر 16 (عنصر کیمپ) سے کلومیٹر 25 (ہنوچل) کے درمیان موجود سلائیڈز کو ہٹانے میں مصروف ہے۔ کلومیٹر 25 سے راستہ صاف ہونے کے بعد اسکردو سائیڈ (ایبٹمنٹ 2) پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت شندور روڈ کے کلومیٹر 600+118 پر بھی مشینری متحرک کر دی گئی ہے اور جلد ہی سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔ این ایچ اے تمام متاثرہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔



