گورنمنٹ بوائز ایسوسی ایٹ کالج دولتالہ میں میرٹ اور شفافیت کے تحت بھرتی عمل مکمل

غازیوں اور شہیدوں کی دھرتی پکار اٹھی گوجرخان کے غیور نوجوانوں کا پاک فوج میں شمولیت کے لیے سمندر امڈ آیا
وطن کے دفاع کے لیے جنون اور جذبے کی انتہا گورنمنٹ بوائز ایسوسی ایٹ کالج دولتالہ میں بھرتی میلہ سج گیا
میرٹ پر بھرتی، شفاف عمل اور نوجوانوں کا جوش اسسٹنٹ کمشنر اور پاک آرمی کی نگرانی میں بھرتی کا کامیاب عمل
گوجرخان (قمر شہزاد) شہیدوں اور غازیوں کی زرخیز مٹی، تحصیل گوجرخان ایک بار پھر وطنِ عزیز کی محبت سے گونج اٹھی۔ پاک فوج میں شمولیت کے لیے گورنمنٹ بوائز ایسوسی ایٹ کالج دولتالہ میں بھرتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں جذبہ حب الوطنی سے سرشار نوجوانوں کا ایک عظیم الشان اجتماع دیکھنے میں آیا۔ بھرتی کا یہ تمام عمل اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان، کالج پرنسپل اور پاکستان آرمی کے ماہر بھرتی عملے کی سخت نگرانی میں مکمل شفافیت اور سو فیصد میرٹ پر مکمل ہوا۔ اس موقع پر انتظامی افسران نے تمام انتظامات کو اپنی نگرانی میں رکھا تاکہ نوجوانوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پاکستان فوج کا حصہ بننے کے لیے آئے ہوئے نوجوانوں میں غیر معمولی جوش و خروش دیدنی تھا۔ دور دراز سے آئے سینکڑوں امیدواروں نے کڑی دھوپ اور سخت مراحل کے باوجود اپنے عزم سے ثابت کر دیا کہ تحصیل گوجرخان کی نئی نسل اپنی دھرتی ماں کی حفاظت اور دفاعِ وطن کے لیے کسی بھی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ بھرتی کیمپ میں موجود نظم و ضبط اور نوجوانوں کے حوصلوں نے یہ پیغام واضح کر دیا ہے کہ یہ سرزمین آج بھی دفاعِ وطن کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔



