سڈھانڈی گاؤں بنیادی سہولیات سے محروم، ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار، مکین نقل مکانی پر مجبور

ضلع چکوال تحصیل چوآ سیدن شاہ کا گاؤں سڈھانڈی بنیادی سہولیات سے محروم
اعلیٰ شرحِ خواندگی کے باوجود سڑک، پانی اور صحت کے منصوبے تعطل کا شکار، مکین نقل مکانی پر مجبور
چوآ سیدن شاہ (خاور شہزاد)ضلع چکوال کی تحصیل چوآ سیدن شاہ کا سرحدی گاؤں سڈھانڈی، جو بلند شرحِ خواندگی کے حوالے سے اپنی الگ پہچان رکھتا ہے، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث شدید مسائل کا شکار ہے جہاں نہ معیاری سڑک میسر ہے، نہ صاف پانی کی فراہمی یقینی ہے اور نہ ہی صحت و تعلیم کے مکمل انتظامات موجود ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق پیرپتھک تا سڈھانڈی روڈ کا ٹینڈر جاری ہونے کے باوجود تاحال تعمیراتی کام شروع نہیں ہو سکا جس سے آمدورفت میں شدید مشکلات درپیش ہیں، جبکہ ماڈل ولیج منصوبے کے تحت منظور شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی عملی جامہ نہ پہن سکا۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ مسلسل حکومتی عدم توجہی کے باعث حالات اس حد تک بگڑ چکے ہیں کہ کئی خاندان اپنے آبائی علاقے کو چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر گاؤں کا دورہ کریں اور سڑک، پانی، صحت اور تعلیم سے متعلق منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کر کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے۔



