قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں اضافہ، نئے نرخ 10 جولائی 2026 سے نافذ ہوں گے

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹول ٹیکس کی شرحوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے فنانس ونگ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق نئی ٹول فیس 10 جولائی 2026 سے ملک بھر میں نافذ العمل ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نظرثانی شدہ ٹول نرخ نیشنل ہائی ویز، مختلف موٹرویز، کوہاٹ ٹنل (N-55) اور انڈس موٹروے (E-75) پر لاگو ہوں گے۔ نئی شرحوں کا اطلاق کار، ویگن، بس، دو اور تین ایکسل ٹرک جبکہ آرٹیکیولیٹڈ ٹرک سمیت تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہوگا۔
قومی شاہراہوں پر کاروں کا ٹول ٹیکس 100 روپے، ویگن کا 200 روپے، بس کا 300 روپے، دو اور تین ایکسل ٹرک کا 400 روپے جبکہ آرٹیکیولیٹڈ ٹرک کا ٹول 700 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح اسلام آباد-پشاور موٹروے (M-1) پر کاروں کے لیے ٹول 700 روپے، لاہور-عبدالحکیم موٹروے (M-3) پر 1000 روپے، پنڈی بھٹیاں-فیصل آباد-ملتان موٹروے (M-4) پر 1350 روپے، ملتان-سکھر موٹروے (M-5) پر 1500 روپے، ڈی آئی خان-ہکلہ موٹروے (M-14) پر 800 روپے جبکہ حسن ابدال-حویلیاں-مانسہرہ ایکسپریس وے (E-35) پر کاروں کا ٹول 400 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دیگر گاڑیوں، جن میں ویگن، منی بس، بس، ٹرک اور آرٹیکیولیٹڈ ٹرک شامل ہیں، کے لیے بھی تمام موٹرویز پر نئی شرحیں مقرر کر دی گئی ہیں۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نظرثانی شدہ ٹول ٹیکس کی وصولی 10 جولائی 2026 سے ملک بھر کے تمام متعلقہ ٹول پلازوں پر شروع کر دی جائے گی، جبکہ متعلقہ حکام کو نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کے لیے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔



