اسلام آباد میں پولیس گردی کے خلاف وکلاء برادری کا شدید ردعمل، ایس ایچ او کو ضلع کچہری سے نکال دیا گیا

اسلام آباد میں پولیس گردی کے خلاف وکلاء برادری کا شدید ردعمل، ایس ایچ او کو ضلع کچہری سے نکال دیا گیا
اسلام آباد (احمد ضمیر سے) پولیس گردی کے خلاف وکلاء برادری نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ضلع کچہری میں اس وقت کشیدگی پیدا ہو گئی جب وکلاء نے ایک ایس ایچ او کو عدالت کے احاطے سے باہر نکال دیا۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ ان کی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور پولیس کی طرف سے کسی بھی قسم کی بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے ایک وکیل کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس پر وکلاء نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو دو دن کی مہلت دی ہے کہ وہ ذمہ دار اہلکار کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرے۔ بصورت دیگر، وکلاء نے احتجاج کو مزید وسعت دینے اور عدالتوں کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وکلاء نے اپنے مؤقف میں واضح کیا کہ پولیس کا رویہ جارحانہ اور قانون سے بالاتر ہوتا جا رہا ہے، جو کسی مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ایسے واقعات کی روک تھام نہ کی گئی تو وکلاء سڑکوں پر آ کر بھرپور احتجاج کریں گے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے واقعے پر باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام انکوائری میں مصروف ہیں اور وکلاء سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ معاملہ پرامن طریقے سے حل ہو سکے۔
وکلاء برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس میں اصلاحات کرے اور ایسے واقعات میں ملوث اہلکاروں کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی جرأت نہ ہو۔