ایم پی اے ملک تنویر اسلم سیتھی کی بڑی کامیابی، چکوال میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے 14 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز منظور

علاقہ جھنگڑ، بھسے روڈ، ڈھوک مرزا، ڈھوک بھٹیاں اور لڑی ہجیال روڈ جیسے دیرینہ منصوبے بھی شامل، حلقہ پی پی 21 میں ترقیاتی سفر تیز ہونے لگا
چوآ سیدن شاہ (خاور شہزاد)
*حکومتِ پنجاب کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے ضلع چکوال میں مختلف سڑکوں، لنک روڈز، ڈرینز اور کلورٹس کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں کیلئے 14 کروڑ 50 لاکھ روپے کی اضافی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، جسے حلقہ پی پی 21 کے رکن صوبائی اسمبلی ملک تنویر اسلم سیتھی کی مسلسل کاوشوں، مؤثر نمائندگی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ فنڈز محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) کو فراہم کیے جائیں گے، جن کے تحت موہڑہ قادر بخش سے بھسے ،لہڑی پنج گرائیں ، ڈھوک بھٹیاں، گاؤں چندو، کھلوٹ سے وگھوال بالا، کوٹ ملک بہادر اور مین بشارت روڈ سے لڑی ہجیال بشارت تک متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جبکہ بھسہ روڈ، ڈھوک مرزا، ڈھوک بھٹیاں اور لڑی ہجیال روڈ جیسے اہم عوامی منصوبے، جو عرصہ دراز سے علاقہ مکینوں کا دیرینہ مطالبہ تھے، اب عملی شکل اختیار کرنے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم پی اے ملک تنویر اسلم سیتھی نے ان منصوبوں کی منظوری اور فنڈز کے اجرا کیلئے متعلقہ حکومتی اداروں سے مسلسل رابطے اور مؤثر پیروی جاری رکھی، جس کے باعث علاقے میں انفراسٹرکچر کے اہم مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوئی۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس پیش رفت کو حلقے کیلئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے دیہی آبادی کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور ترقیاتی عمل میں مزید تیزی آئے گی



