نمائندگان کی خبریں

راولپنڈی میں پانی کا بحران، 10 روز سے سپلائی بند

چک جلال دین مدنی محلہ میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا،دس روز سے نل ، شہری بوند بوند کو ترس گئے



واسا کے بڑھتے بل،مگر گھروں میں پانی ناپید،شہری مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور،ٹیوب ویل کی خرابی دور کرنے میں غیر معمولی تاخیر پر تشویش



ٹینکر مافیا اور واسا عملے کی مبینہ ملی بھگت کے الزامات، قریشی آباد میں بھی غیر قانونی کنکشن اور لائنیں ڈالنے کا انکشاف



ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ایم ڈی واسا سے فوری نوٹس،پانی کی بحالی اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی کا نظام بدانتظامی اور مبینہ غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا، چک جلال دین، مدنی محلہ اور گردونواح کے مکین گزشتہ دس روز سے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، گھروں کے نل خشک ہونے کے باعث شہری مہنگے داموں پرائیویٹ ٹینکر خرید کر اپنی ضروریات پوری کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ دوسری جانب واسا کی جانب سے پانی کے بلوں میں اضافے کے باوجود شہریوں کو بنیادی سہولت کی فراہمی یقینی نہ بنائی جا سکی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مدنی محلہ اور چک جلال دین میں آئے روز ٹیوب ویل کی فنی خرابی کو جواز بنا کر پانی کی فراہمی کئی کئی روز معطل رکھی جاتی ہے، حیران کن امر یہ ہے کہ معمولی نوعیت کی فنی خرابی کو دور کرنے میں دس دس روز لگا دیے جاتے ہیں، جس سے ہزاروں مکینوں کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ واسا کے بعض اہلکاروں کی مبینہ غفلت اور ٹینکر مافیا کے ساتھ ملی بھگت کے باعث پانی کی مصنوعی قلت کا تاثر پیدا ہو رہا ہے، اگر ٹیوب ویل کی خرابی ایک روز میں دور ہو سکتی ہے تو شہریوں کو مسلسل دس روز تک پانی سے محروم رکھنے کا ذمہ دار کون ہے؟ ادھر قریشی آباد کے مکینوں نے بھی واسا کے نظام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ علاقے میں پہلے ہی پانی کی سپلائی بمشکل ضروریات پوری کرتی ہے، مگر مبینہ طور پر سیاسی اثرورسوخ اور مالی مفادات کے تحت واسا عملے کی جانب سے غیر قانونی کنکشن فراہم کرنے اور نئی لائنیں ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث پہلے سے محدود پانی کی تقسیم مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کے مطابق اس صورتحال سے متعلق واسا حکام کو آگاہ بھی کیا گیا، تاہم تاحال کسی قسم کی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔

شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف عوام کو پانی کی عدم فراہمی کے باعث ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے تو دوسری طرف واسا کے بلوں میں اضافہ بھی شہریوں کے لیے اضافی بوجھ بن چکا ہے۔ اگر ادارہ مقررہ بل وصول کرنے کے باوجود شہریوں کو پینے اور گھریلو استعمال کا پانی فراہم نہیں کر سکتا تو اس کی کارکردگی اور جوابدہی کا تعین کون کرے گا؟ علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان سے مطالبہ کیا ہے کہ چک جلال دین، مدنی محلہ اور قریشی آباد میں پانی کی فراہمی کی صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹیوب ویل کی خرابی دور کرائی جائے، غیر قانونی کنکشنز اور مبینہ ملی بھگت کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم سے نجات مل سکے۔ اس سلسلے میں ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان سے مؤقف جاننے کے لیے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم ان سے رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button