سیکٹر E-12 میں 60 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کا سیکٹر E-12 کا دورہ، سیکٹر ڈیولپمنٹ کا تفصیلی جائزہ
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے سیکٹر E-12 کا دورہ کیا اور سیکٹر E-12 میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کو سیکٹر E-12 میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چار دہائیوں سے زیر التواء سیکٹر E-12 میں 1135 کنال سرکاری اراضی واگزار کروانے کے بعد سیکٹر ڈویلپمنٹ پر بھرپور کام جاری ہے اور ابتک 60 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کر لئے گئے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ اسی طرح سب سیکٹرز، سیکٹر E-12/4 میں ارتھ ورک کا کام مکمل جبکہ بیس، سب بیس اور ڈرینیج کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ سروس روڈ خیابانِ اقبال پر ارتھ ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ ساؤتھ اور ایسٹ سروس روڈ پر ارتھ ورک کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے اور اسی طرح بیس ورک سمیت ڈرینج ورک کا کام بھی تیزی کیساتھ جاری ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ سیکٹر E-12/3 کی 15 گلیوں میں ٹی ایس ٹی (TST)، جبکہ باقی گلیوں میں ارتھ ورک اور بیس ورک پر تیزی سے کام جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے کو مزید بتایا گیا کہ سیکٹر E-12/2 کی 25 گلیوں میں ٹی ایس ٹی (TST) مکمل جبکہ باقی گلیوں میں ارتھ ورک اور بیس ورک پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اسی طرح سیکٹر E-12/1 کی 25 گلیوں میں ٹی ایس ٹی (TST) مکمل جبکہ باقی گلیوں میں ارتھ ورک پر کام جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سیکٹر E-12 کے باقی ماندہ ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر ڈویلپمنٹ میں حائل تمام روکاوٹوں کو قانون کیمطابق دور کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ نئے سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل سی ڈی اے انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں حائل تمام رکاوٹوں کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکٹر E-12 کی جلد تکمیل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹرز ڈویلپمنٹ سے نہ صرف رہائشیوں کو بہتر سہولیات فراہم ہونگی بلکہ شہر کی مجموعی ڈیویلپمنٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد میں رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔



