آئی سی سی آئی انتخابات: فاؤنڈرز گروپ کا کلین سویپ، تمام ایگزیکٹو کمیٹی نشستیں جیت لیں

اسلام آباد(فرحین سے) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے انتخابات برائے 2026-28 میں فاؤنڈرز گروپ نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایگزیکٹو کمیٹی کی تمام نشستیں بھاری اکثریت سے جیت لیں۔ انتخابی نتائج نے دارالحکومت کی کاروباری برادری میں فاؤنڈرز گروپ پر اعتماد کا بھرپور اظہار کیا۔
آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے فاؤنڈرز گروپ کے نومنتخب ایگزیکٹو ممبران کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کاروباری برادری کے مفادات کے فروغ اور تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے اور اپنے ووٹرز کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈرز گروپ شیخ طارق صادق نے بھی نومنتخب ایگزیکٹو ممبران کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے فاؤنڈرز گروپ کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرانے پر آئی سی سی آئی کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اراکین کے اعتماد اور بھرپور تعاون کا مظہر ہے۔
سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ فاؤنڈرز گروپ کی کلین سویپ کامیابی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری کو اس کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور وہ اس کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور اس کے مؤثر ترجمان کے طور پر اپنا کردار مزید مضبوط بنائے گی۔
انتخابی نتائج کے اعلان کے فوراً بعد آئی سی سی آئی کے احاطے میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا۔ کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے پرجوش نعرے لگائے، ڈھول کی تھاپ پر خوشی کا اظہار کیا اور نومنتخب امیدواروں کو کندھوں پر اٹھا لیا۔
دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر عمر رفیق اور الیکشن کمیشن کے اراکین چوہدری ندیم الدین اور اسد عزیز نے پرامن انتخابات کے انعقاد پر اظہار اطمینان کیا ھے۔



