بی آئی ایس پی اور جرمنی کا موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تعاون مضبوط بنانے کا عزم

بی آئی ایس پی اور جرمنی کے درمیان سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور جرمن ترقیاتی تعاون کے درمیان موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کو سماجی تحفظ فراہم کرنے کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جرمنی کی وزارتِ اقتصادی تعاون و ترقی (BMZ)، جرمن سفارت خانے،
جی آئی زیڈ (GIZ) اور کے ایف ڈبلیو (KfW) کے وفد نے بی آئی ایس پی حکام سے ملاقات کی، جس میں سماجی تحفظ کے نظام کو موسمیاتی اور دیگر قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے قابل بنانے، مستحق خاندانوں کی بروقت نشاندہی اور امداد کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جرمن تعاون سے ملک بھر میں 647 ڈائنامک رجسٹری سینٹرز اور 32 موبائل رجسٹریشن گاڑیوں کے ذریعے اب تک 3 کروڑ 87 لاکھ افراد کی رجسٹریشن اور کوائف کی تجدید میں معاونت فراہم کی گئی ہے۔ ملاقات میں SOPRAN منصوبے، ڈائنامک رجسٹریشن سینٹرز، موبائل رجسٹریشن گاڑیوں، ڈیجیٹل فنانشل لٹریسی ٹریننگ (DFLT)، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور موسمیاتی خطرات یا ہنگامی حالات کے دوران فوری ردعمل پر مبنی سماجی تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
جرمن وفد نے بی آئی ایس پی کے مختلف اقدامات اور مستحق خاندانوں تک امداد پہنچانے کے نظام میں بہتری کو سراہا، جبکہ دونوں فریقوں نے پاکستان میں سماجی تحفظ کے نظام کو مزید جامع، مؤثر اور موسمیاتی خطرات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔



