اہم خبریں

پاکستان۔ترکیہ تجارتی ہدف کے حصول کے لیے نجی شعبے کا کردار کلیدی، استنبول کانفرنس اہم پیش رفت قرار



اسلام آباد (فرحین سے) وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے، جبکہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی جانب سے 13 اگست کو استنبول میں منعقد ہونے والی بزنس آپرچیونٹی کانفرنس اینڈ گلوبل ایکسیلینس ایوارڈز دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی اور معاشی استحکام کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، جس سے عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے، غیر ضروری ضوابط کے خاتمے، ٹیرف اصلاحات اور صنعتی مسابقت بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نئی صنعتی، آٹو اور الیکٹرک وہیکل پالیسیوں پر عمل درآمد کے ساتھ قابلِ تجدید توانائی، الیکٹرانکس، بیٹری مینوفیکچرنگ اور فارماسیوٹیکل شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کر رہی ہے، جبکہ ایس ایم ایز اور برآمد کنندگان کو مالی سہولتوں اور ٹیکس مراعات کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ہارون اختر خان نے اعلان کیا کہ وہ پاکستانی کاروباری وفد کی قیادت کرتے ہوئے ترکیہ جائیں گے اور ترک سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ استنبول کانفرنس کا مقصد پاکستان کی معاشی صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینا، بزنس ٹو بزنس روابط کو مستحکم کرنا اور برآمدات کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں آئی ٹی، صحت، فارماسیوٹیکل، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکسٹائل، تعمیرات، انجینئرنگ، سیاحت اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارت خانے کے کمرشل کونسلر انس ملک سٹین نے آئی سی سی آئی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ استنبول کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

پریس کانفرنس میں آئی سی سی آئی کے فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین شیخ طارق صادق، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری، سابق صدور، ایگزیکٹو ممبران، تاجر رہنماؤں اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button