سینئر صحافی فرحان ارشد بھٹی کے ساتھ مبینہ بدتمیزی کے خلاف احتجاجی کیمپ قائم

شاہکوٹ: (میاں داؤد)شاہکوٹ میں سینئر صحافی فرحان ارشد بھٹی کے ساتھ پیرا فورس کے اہلکاروں کی مبینہ بدتمیزی اور ناروا سلوک کے خلاف صحافتی برادری، تاجر تنظیموں، اساتذہ کرام، وکلاء برادری اور سول سوسائٹی نے میلادِ مصطفیٰ چوک میں احتجاجی کیمپ قائم کر دیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنا اور ان کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کرنا کسی بھی مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف شفاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی عزت، وقار اور پیشہ ورانہ آزادی کا تحفظ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
احتجاجی کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سینئر صحافی فرحان ارشد بھٹی کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا



