راولپنڈی میں ریسکیو 1122 کی مفت میت منتقلی سروس کا آغاز، شہریوں کو بڑا ریلیف

راولپنڈی میں مفت میت منتقلی سروس شروع،غمزدہ خاندانوں کے لیے بڑا ریلیف
ریسکیو 1122 کی نئی سہولت،ہسپتال سے گھر تک میت کی مفت منتقلی ممکن
راولپنڈی (عبدالرحمان سے) راولپنڈی میں شہریوں کے لیے ایک اہم سہولت کا آغاز کر دیا گیا، جہاں ریسکیو 1122 نے مفت میت منتقلی سروس شروع کر دی ہے۔ اس اقدام کے تحت سرکاری ہسپتالوں سے میت کو مرحوم کے گھر تک بلا معاوضہ منتقل کیا جائے گا، جس سے غم کی گھڑی میں خاندانوں کو فوری سہارا ملے گا۔ ابتدائی طور پر یہ سروس چند اضلاع میں متعارف کروائی گئی ہے جن میں راولپنڈی بھی شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں تاکہ منتقلی کا عمل باوقار اور بروقت انجام دیا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر صبغت اللہ کے مطابق یہ سہولت عوامی خدمت کے جذبے کے تحت شروع کی گئی ہے اور شہری کسی بھی وقت 1122 پر کال کر کے اس سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔



