نمائندگان کی خبریں

سڑک پر کھودی گئی کھائی میں موٹرسائیکل گرنے سے تین نوجوان زخمی، انتظامیہ کی غفلت پر شہری سراپا احتجاج

کشمور (سید رشید احمد شاہ)    کندھکوٹ کے علاقے مسن موڑ روڈ پر بھگوان داس شادی ہال کے قریب سڑک پر کھودی گئی کھائی ایک بڑے حادثے کا سبب بن گئی، جہاں رات کے وقت لاعلمی اور مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث موٹرسائیکل سوار تین نوجوان کھائی میں گر کر شدید زخمی ہو گئے تفصیلات کے مطابق باجکانی برادری سے تعلق رکھنے والے ظاہر علی باجکانی، برزان علی باجکانی اور یقین علی باجکانی رات کے وقت موٹرسائیکل پر سوار ہو کر جا رہے تھے کہ اچانک سڑک پر موجود گہری کھائی میں جا گرے۔ عینی شاہدین کے مطابق جائے حادثہ پر نہ تو کوئی وارننگ سائن نصب تھا اور نہ ہی روشنی کا مناسب انتظام کیا گیا تھا، جس کے باعث اندھیرے میں کھائی نظر نہ آ سکی۔حادثے کے فوری بعد مقامی افراد نے زخمیوں کو ریسکیو کرتے ہوئے قریبی نجی اسپتال نیشنل منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کو مختلف نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ کھدائی پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے نکاسی آب یا پائپ لائن کے کام کے سلسلے میں کی گئی تھی، تاہم کام ادھورا چھوڑ کر حفاظتی انتظامات کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا، جو اس حادثے کا بنیادی سبب بنا شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی اسی مقام پر کئی چھوٹے بڑے حادثات پیش آ چکے ہیں، لیکن متعلقہ ادارے ٹس سے مس نہیں ہوئے۔ اہل علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، کھائی کو فوری طور پر بند کرنے، مناسب سائن بورڈز اور لائٹس لگانے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے واضح رہے کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کے دوران حفاظتی اصولوں کی مسلسل خلاف ورزی شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے، جس پر سنجیدہ اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button