اہم خبریں

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ
لاہور سے راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کا کرایہ 100 روپے بڑھ گیا
لاہور سے پشاور اور صادق آباد کے کرائے میں 200 روپے اضافہ
لاہور سے کراچی کا کرایہ 600 روپے بڑھا دیا گیا
لاہور (نمائندہ عوامی للکار) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے کرایوں میں 10 فیصد تک اضافہ کیا ہے، لاہور سے راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے کرائے میں 100 روپے اضافہ کردیا گیا، لاہور سے گوجرانوالہ 50، پشاور اور صادق آباد کے لیے کرائے میں 200 روپے جب کہ لاہور سے کراچی کے لیے کرائے میں 600 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرزفیڈریشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرایوں میں اضافے کو جواز بناکر اگر انتقامی کارروائی کی گئی تو پبلک ٹرانسپورٹ کھڑی کردیں گے کیوں کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے ٹرانسپورٹ سسٹم تباہ کردیا ہے۔اس کے علاوہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اور ٹرانسپورٹروں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں حالیہ اضافہ مسترد کر دیا، صدرپاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے، تمام ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، امپورٹڈ حکومت کی پالیسیاں پاکستان کو بربادی کے دہانے پر لے آئی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلا جائے، امپورٹڈ حکومت کی ترجیحات عوام دشمن پالیسیاں بنانا ہے، پانی ناک سے اوپر چلا گیا ہے، اب ٹرانسپورٹرز سڑکوں پر آ رہے ہیں، ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔اسی حوالے سے تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے فی لٹراضافہ یکسرمسترد کرتے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا، مہنگائی نے عوام کے لیے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے، حکومت فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے اور نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا، اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں 35 روپے فی لٹر اضافی کیا جارہا ہے جب کہ ڈیزل کی فی لٹر قیمت بھی 35 روپے بڑھائی جارہی ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 262 روپے 80 پیسے کا ہوگیا، اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 18, 18 روپے فی لٹر اضافی کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی کیروسین آئل فی لیٹر 189روپے83پیسے کا ہو گیا جب کہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 187روپے کردی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button