وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان کان حادثے میں شہید ہونے والے مزدوروں کے خاندانوں کی فوری مالی معاونت

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان کان حادثے میں شہید ہونے والے مزدوروں کے خاندانوں کی فوری مالی معاونت، فی خاندان 10 لاکھ روپے امداد
صوابی/سوات: وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے صوابی کے علاقے جھنڈا اسلام پورہ اور سوات کی تحصیل کبل کے علاقے ٹال دردیال سے تعلق رکھنے والے سورینج کول مائن، بلوچستان میں جاں بحق ہونے والے دو مزدوروں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور ان کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے ان تک وفاقی وزیر کا خصوصی ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے دونوں شہداء کے خاندانوں کو 10، 10 لاکھ روپے کے امدادی چیکس بھی فراہم کیے گئے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں کان کنی کے دوران پیش آنے والے حادثات سے متاثرہ مزدور خاندانوں کی فوری مالی معاونت کے سلسلے میں اس سے قبل شانگلہ، الپوری کے 32 متاثرہ خاندانوں کو بھی ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے فی خاندان 10، 10 لاکھ روپے کے امدادی چیکس فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اس طرح ورکرز ویلفیئر فنڈ نے مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کی دہلیز پر بروقت پہنچ کر ان کی عملی معاونت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے کہا کہ مزدوروں کا دکھ ہمارا دکھ ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں ورکرز ویلفیئر فنڈ اپنے محنت کش بھائیوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا، تاہم حکومت اور ورکرز ویلفیئر فنڈ متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے بچے ہمارے اپنے بچے ہیں، یہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے بچے ہیں۔ ان کے تعلیمی اخراجات سمیت دیگر بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ ہر ممکن تعاون کرے گا تاکہ شہداء کے بچوں کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا جا سکے۔
سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایات کے تحت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ اور مشکل حالات میں ان کی فوری معاونت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ مزدور ملکی معیشت اور ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے خاندانوں کی کفالت اور فلاح ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر مزدور تنظیموں کے نمائندگان اور شہداء کے لواحقین نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنی قلیل مدت میں متاثرہ خاندانوں کی دہلیز پر پہنچ کر مالی معاونت فراہم کرنا ایک قابلِ تحسین اور قابلِ تقلید اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں متاثرین تک فوری رسائی اور بروقت مالی امداد کی فراہمی سے حکومت اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مزدور دوست پالیسیوں کا عملی اظہار ہوتا ہے۔
لواحقین اور مزدور نمائندگان نے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شرکت اور ان کی فوری مالی معاونت پر وہ ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں اور اس اقدام کو مزدوروں اور ان کے خاندانوں کے لیے حکومت کے احساسِ ذمہ داری اور عملی ہمدردی کی روشن مثال قرار دیا۔
ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے شہداء کے خاندانوں کو یقین دلایا گیا کہ ان کے پیاروں کی قربانی کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کی فلاح، بچوں کی تعلیم اور مستقبل کے تحفظ کے لیے ہر ممکن معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


