اہم خبریں

حکومتی پالیسیوں کا محور غریب عوام کی فلاح، پنکھا تبدیلی پروگرام سے بجلی بلوں اور کاربن اخراج میں کمی آئے گی: ڈاکٹر مصدق ملک

حکومتی پالیسیوں کا محور غریب طبقات کی بہتری ہے، بجلی کی قیمت میں کمی کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں ڈاکٹر مصدق ملک

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کا محور غریب طبقات کی بہتری ہے، بجلی کی قیمت میں کمی کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں، سیلاب کی تباکاریوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا، پنکھا تبدیلی پروگرام کا مقصد بجلی کی بجٹ اور عام آدمی کے بجلی بلوں میں کمی لانا ہے، وزیراعظم کی پالیسیوں کا مرکز عام شہری خصوصاً کم آمدنی والے گھرانے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم پنکھا تبدیلی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کا پنکھا تبدیلی پروگرام 90 دن سے کم مدت میں مکمل کرکے لانچ کیا گیا، اس منصوبہ سے اپنی مدت استعمال کے دوران فی پنکھا تقریباً 12 ہزار روپے تک بجلی کی لاگت کم کرسکتا ہے جبکہ کاربن کے اخراج میں بھی کمی لاتا ہے جو حالیہ برسوں میں آنے والے سیلابوں کا باعث بنے جن میں 6 ہزار افراد جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اگر دیگر شعبوں میں بھی اسی رفتار سے منصوبے مکمل کیے جائیں تو عوامی خدمات کے نتائج بہتر بنائے جاسکتے ہیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسی کا مرکز عام شہری خصوصاً کم آمدنی والے گھرانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی پالیسی کا مقصد محدود وسائل رکھنے والوں کا تحفظ کرنا ہے، بالخصوص گرمیوں کے مہینوں میں جب بجلی کا استعمال بڑھ جاتا ہے اور بجلی کے بل ایک بڑا مسئلہ بن جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کے نرخ مرحلہ وار کم کیے جا رہے ہیں اور حال ہی میں صنعت کو فی یونٹ 4 روپے سے زائد ریلیف دیا گیا ہے جس میں پنکھا بنانے والی صنعتیں بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد کارخانوں کو متعدد شفٹوں میں چلانا، پیداوار بڑھانا اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گرمیوں کے ساتھ موسمیاتی خطرات بھی بڑھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں آنے والے چار سے پانچ بڑے سیلابوں کے نتیجے میں تقریباً 6 ہزار افراد جاں بحق، تقریباً 19 ہزار زخمی یا معذور ہوئے جبکہ تقریباً 40 ملین شہری بے گھر ہوئے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اس کے معاشی اثرات نہایت شدید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنکھا تبدیلی پروگرام بجلی کی طلب اور کاربن اخراج دونوں کم کرتا ہے، خصوصاً ان گھروں کے لیے جو ایئرکنڈیشنر کے بجائے پنکھوں پر انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس پروگرام کا مقصد بجلی بلوں میں کمی کے ذریعے استطاعت کو بہتر بناتا ہے اور اخراج میں کمی کے ذریعے موسمیاتی اہداف کی حمایت کرتا ہے، بچت کو خاندان تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور بزرگوں کی نگہداشت پر خرچ کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ سیلاب زیادہ تر دریائوں کے قریب واقع کم آمدنی والی آبادیوں کو متاثر کرتے ہیں، جہاں گھروں، فصلوں اور مویشیوں کی تباہی خاندانوں کو طویل مدتی مشکلات میں دھکیل دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنکھا تبدیلی پروگرام فوری گھریلو اخراجات اور طویل مدتی موسمیاتی خطرات دونوں سے نمٹتا ہے جس سے یہ توانائی کی بچت اور آفات سے بچائو سے منسلک ایک عوامی مفاد کا اقدام بناتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button