سوئی ناردرن گیس کے شیئر ہولڈرز کی 30 فیصد نقد منافع کی منظوری

لاہور: سوئی ناردرن گیس کمپنی کے 62ویں سالانہ اجلاسِ عام میں شیئر ہولڈرز نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال کے سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے لیے فی حصص 3 روپے، یعنی 30 فیصد حتمی نقد منافع کی بھی منظوری دی گئی۔
کمپنی نے لیوی اور انکم ٹیکس سے قبل 34,656 ملین روپے منافع حاصل کیا، جو گزشتہ مالی سال کے 24,446 ملین روپے کے مقابلے میں تقریباً 42 فیصد زیادہ ہے۔ کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 14,809 ملین روپے رہا، جس کے نتیجے میں فی حصص آمدن 23 روپے 35 پیسے رہی۔ مالی سال 2024-25 میں بعد از ٹیکس منافع 14,592 ملین روپے اور فی حصص آمدن 23 روپے 01 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔
شیئر ہولڈرز نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر مالی سال 2025-26 کے لیے فی حصص 3.00 روپے (30 فیصد) حتمی نقد منافع کی منظوری دی۔ اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لیے میسرز اے۔ ایف۔ فرگوسن اینڈ کمپنی، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس، کی بطور بیرونی آڈیٹرز تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔
پہلی سہ ماہی میں منافع 4.82 فیصد بڑھ گیا
مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کے مجموعی غیر محسوب گیس (یو ایف جی) کے نقصانات 29,521 سے کم ہو کر 27,848 ایم ایم سی ایف رہ گئے، جو 1,673 ایم ایم سی ایف کی کمی ظاہر کرتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ کمی آپریشنل کارکردگی میں بہتری اور گیس کے نقصانات پر قابو پانے کی کوششوں کی عکاس ہے۔
30 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں کمپنی نے 3,612 ملین روپے بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 3,446 ملین روپے کے مقابلے میں 4.82 فیصد زیادہ ہے۔ اس دوران فی حصص آمدن بھی 5.43 روپے سے بڑھ کر 5.70 روپے ہو گئی۔ کمپنی کے مطابق منافع میں بہتری کی بنیادی وجوہات غیر محسوب گیس (یو ایف جی) کے نقصانات میں کمی اور سپر ٹیکس کی شرح میں کمی تھیں۔ یو ایف جی کے نقصانات 4.67 فیصد سے کم ہو کر 3.53 فیصد رہ گئے۔
اجلاس کے دوران شیئر ہولڈرز کے ساتھ تعمیری نشست بھی منعقد کی گئی، جس میں ان کی تجاویز نوٹ کی گئیں اور سوالات کے جوابات دیے گئے۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین محمد اسماعیل قریشی نے کی۔ ڈائریکٹرز سعادت علی خان اور احمد چنائے، جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل بالمشافہ شریک ہوئے۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (سروسز) فیصل اقبال، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) ثاقب ارباب، چیف فنانشل آفیسر کامران اکرم اور سینئر جنرل منیجر (کارپوریٹ افیئرز) و کمپنی سیکریٹری امتیاز محمود بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے ڈائریکٹرز فاریہ رحمان صلاح الدین، ڈاکٹر علی حسنین، طارق اقبال خان، عبدالراشید جوکھیو اور سید ذکریا علی شاہ نے شرکت کی۔ کمپنی کی سینئر انتظامیہ بھی اجلاس میں شریک تھی۔



