مذہبی تصویر کشی کیس: پیمرا کا جیو نیوز کے خلاف حتمی فیصلہ، لائسنس معطلی برقرار

ایک کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنے اور معطلی کی مدت مکمل ہونے کے بعد ہی نشریات بحال ہوں گی
آئندہ خلاف ورزی پر لائسنس منسوخی کی وارننگ، تمام چینلز کو ایڈیٹوریل مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (محمد فیصل ندیم سے) پیمرا اتھارٹی نے جیو نیوز کے پروگرام “سفر عشق” کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویر کشی سے متعلق کیس کا حتمی فیصلہ جاری کر دیا۔ اتھارٹی نے قرار دیا ہے کہ مذکورہ خلاف ورزی سنگین نوعیت کی ہے اور ذمہ دارانہ نشریات کے تقاضوں، پیمرا قوانین اور لائسنس ہولڈر کی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔ پیمرا کے مطابق معاملے کا تفصیلی جائزہ 11 جولائی کو منعقد ہونے والے اتھارٹی کے 191ویں اجلاس میں لیا گیا، جس میں کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کا مکمل ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کے تحریری و زبانی مؤقف، پیمرا آرڈیننس 2002، متعلقہ قواعد اور الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹس) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی متعلقہ شقوں کو مدنظر رکھا گیا۔ بیان کے مطابق کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے اس معاملے پر 30 جون، 2 جولائی اور 10 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے اپنے 127ویں، 128ویں اور 129ویں اجلاسوں میں غور کیا۔ لائسنس ہولڈر کے نمائندگان کا مؤقف سننے، ریکارڈ کا جائزہ لینے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو مدنظر رکھنے کے بعد کونسل نے اپنی سفارشات پیمرا اتھارٹی کو ارسال کیں۔ جیو نیوز اور اس کے نمائندگان کو وضاحت کا مکمل موقع بھی فراہم کیا گیا۔ پیمرا نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اگرچہ جیو نیوز نے غفلت تسلیم کرتے ہوئے اظہار ندامت کیا اور تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط معذرت بھی کی، تاہم یہ تخفیفی عوامل خلاف ورزی یا اس کے قانونی نتائج کو ختم نہیں کرتے۔ فیصلے کے مطابق 27 جون 2026 کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم برقرار رکھا گیا ہے اور معطلی آج رات 12 بجے تک نافذ العمل رہے گی۔ مزید برآں چینل کی نشریات معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی بحال کی جا سکیں گی۔ پیمرا نے جیو نیوز انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر متعلقہ افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی مکمل کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے برطرف کیا جائے۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں برطرف کیے جانے والے افراد پیمرا کے زیر نگرانی کسی بھی لائسنس یافتہ، رجسٹرڈ یا مجاز سروس سے براہ راست یا بالواسطہ کسی بھی حیثیت میں دوبارہ منسلک نہیں ہو سکیں گے۔ اتھارٹی نے جیو نیوز کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ اس نوعیت کی غفلت کی صورت میں چینل کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ پیمرا نے جیو نیوز سمیت تمام لائسنس یافتگان کو ہدایت کی ہے کہ غیر جانبدار اور باصلاحیت ان ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی یا ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیں، اس کی تفصیلات پیمرا کو فراہم کریں اور ہر نشریاتی مواد کی پیشگی ادارتی جانچ یقینی بنائیں۔ اتھارٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ تمام لائسنس یافتگان کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس نمبر 28 آف 2018 (PLD 2019 SC 1) کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے علیحدہ ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا۔ پیمرا نے واضح کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



