اہم خبریں

صومالیہ کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات


جناب سفیر احمد معلم فقی، وزیر دفاع، وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری) سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، ادارہ جاتی اشتراک اور استعدادِ کار میں اضافے کے امکانات پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔سربراہ پاک فضائیہ نے تکنیکی جدت اور مقامی صلاحیتوں کے فروغ پر مبنی پی اے ایف  کی جاری جدت طرازی مہم   کا ذکر کرتے ہوئے تربیت، استعدادِ کار میں اضافے اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے شعبوں میں دونوں فضائی افواج کے مابین  تعاون کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔

ایئر چیف نے معزز مہمان کو یقین دلایا کہ پاک فضائیہ استعدادِ کار میں اضافے، پیشہ ورانہ تربیت اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی آپریشنل مہارت، بہترین پیشہ ورانہ روایات اور جدید تربیتی انفراسٹرکچر سے استفادہ فراہم کرتے ہوئے صومالی فضائیہ کی جدت طرازی  کے سفر میں بھرپور معاونت کے لیے تیار ہے۔ اُنہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ دونوں فضائی افواج کے درمیان پہلے سے طے شدہ مفاہمتی یادداشت دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ دونوں فضائی افواج کے سربراہان  نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے، پیشہ ورانہ تبادلوں میں اضافہ کیا جائے اور موجودہ مفاہمت کو باہمی مفاد کے لیے عملی تعاون میں تبدیل کیا جائے۔

جناب سفیر احمد معلم فقی، وزیر دفاع، وفاقی جمہوریہ صومالیہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے صومالی فضائیہ کی تعمیرِ نو اور جدیدکاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے پاک فضائیہ کے وسیع پیشہ ورانہ تجربے سے استفادہ  حاصل کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل، آپریشنل اور تربیتی پالیسیوں کی تیاری، پائلٹس، فضائی عملے اور تکنیکی عملے  کی جامع تربیت کے ذریعے انسانی وسائل کی استعداد بڑھانے کے لیے پاک فضائیہ سے تعاون کی درخواست کی۔

دورے کے دوران وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں پاک فضائیہ کے مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ، جدید انٹیلی جنس،  صلاحیتوں کے آپریشنل استعمال اور نیٹ ورک سینٹرک آپریشنل فریم ورک پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے پاک فضائیہ کے جدید ترین آپریشنل انفراسٹرکچر اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری کو بے حد سراہا۔صومالی دفاعی وفد کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا یہ دورہ پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم  بنانے، دیرپا ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے اور علاقائی امن و استحکام اور باہمی خوشحالی کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button