کہکشاں پروگرام کی اختتامی تقریب، بچوں میں خلائی تحقیق کا شوق اجاگر

اسلام آباد: پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب خلائی تحقیق کے میدان تک پہنچ چکی ہے اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی چینی خلائی مرکز میں تربیت اور خلائی سرگرمیوں میں شرکت ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ’’کہکشاں‘‘ پروگرام کا مقصد بچوں اور نوجوان نسل میں خلائی تحقیق اور سائنسی علوم سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاک چین فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ ’’کہکشاں‘‘ پروگرام کے اختتامی روز تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزارتِ اطلاعات و نشریات کے افسران اور عملے سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
رئیسہ عادل نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون خلائی تحقیق کے شعبے تک وسعت اختیار کر چکا ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو چینی خلائی مرکز میں جانے اور خلائی پروگرام سے متعلق تربیت و سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملنا پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’کہکشاں‘‘ پروگرام کے انعقاد کا مقصد عوام، بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو خلائی تحقیق اور پاکستان کے خلائی پروگرام سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر، انجینئر اور دیگر سائنسی شعبوں میں آگے بڑھ کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔ پروگرام کے دوران بچوں کے لیے خلائی تحقیق، چاند اور خلا سے متعلق معلومات اور عملی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ خلائی سفر سے متعلق آگاہی کے لیے بورڈنگ پاسز بھی تیار کیے گئے۔
پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے نوجوانوں کو ستاروں سے آگے جہاں تلاش کرنے کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی کامیابی اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پی آئی ڈی کے عملے کو شیلڈ بھی پیش کی۔
پاک چین فرینڈشپ سینٹر میں قائم خصوصی مرکز ’’کہکشاں۔ مشن کنٹرول سینٹر‘‘ گزشتہ چند روز کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، بالخصوص نوجوان طلبہ اور بچوں کی دلچسپی کا مرکز رہا۔ مرکز میں چین کے انسان بردار خلائی مشن شینزو-24 میں پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی شرکت سے متعلق معلومات پیش کی گئیں، جسے شرکاء نے پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
خصوصی مرکز میں خلائی جہاز اور راکٹ کے ماڈل بھی رکھے گئے، جبکہ سپارکو کے اسٹال پر خلا باز ذیشان علی کی جانب سے خلا میں کیے جانے والے مختلف تجربات کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ یہاں ورچوئل رئیلٹی کے ذریعے خلائی اسٹیشن کا تجربہ بھی کرایا گیا اور بچوں کے لیے ’’جگنو کا سفر سپیس تک‘‘ کے عنوان سے خصوصی پروگرام پیش کیا گیا۔ مرکز میں پاکستانی خلا باز کے تجربات سے متعلق لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس بھی فراہم کی جاتی رہیں۔

