زکریا اے ضیاء نے آئی سی سی آئی صدر کا عہدہ سنبھال لیا

کاروباری برادری کے مسائل کے حل، مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم
اسلام آباد (فرحین سے) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے نومنتخب صدر محمد زکریا اے ضیاء نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ محمد اشفاق حسین چٹھہ نے سینئر نائب صدر جبکہ محمد وقاص خان نے نائب صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
اس موقع پر آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین شیخ طارق صادق، سابق صدور عبدالرؤف عالم، خالد جاوید، میاں اکرم فرید، ظفر بختاوری، میاں شوکت مسعود، محمد اعجاز عباسی، شیخ عامر وحید، محفوظ الٰہی، باسر داؤد اور شکیل منیر سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان، چیمبر کے سینئر ممبران اور تاجر تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی محمد زکریا اے ضیاء نے کہا کہ چیمبر کی صدارت ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ایک اہم ذمہ داری بھی ہے۔ وہ کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ و فروغ، درپیش مسائل کے حل اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئی قیادت کی ترجیحات میں کاروباری برادری کے مسائل کا مؤثر حل، مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کی ترقی اور اسلام آباد کے مجموعی کاروباری و شہری ماحول میں بہتری شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاملات باہمی مشاورت اور تعاون سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور کاروباری برادری کے لیے چیمبر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔
سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ اور نائب صدر محمد وقاص خان نے بھی اپنے عہدوں کی ذمہ داریاں خلوص، محنت اور لگن سے ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے صدر آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین شیخ طارق صادق نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ نئی قیادت کاروباری برادری کی خدمت اور آئی سی سی آئی کو مزید مضبوط بنانے کی روایت کو آگے بڑھائے گی۔
اس موقع پر سبکدوش ہونے والے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے بھی نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔ بعد ازاں سبکدوش ہونے والے عہدیداران کو چیمبر اور کاروباری برادری کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں پرتپاک انداز میں الوداع کیا گیا۔



