فہد ہارون کی صحافیوں سے ملاقات، ڈیجیٹل میڈیا کے چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(فرحین سے) وزیر مملکت و وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں سے ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل میڈیا کے موجودہ رجحانات، مستقبل کے امکانات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے کردار، جعلی خبروں، غلط معلومات اور گمراہ کن مواد کے پھیلاؤ سمیت میڈیا انڈسٹری کو درپیش اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فہد ہارون نے کہا کہ موجودہ دور میں ذمہ دارانہ صحافت، مستند معلومات کی فراہمی اور مثبت ڈیجیٹل بیانیے کی تشکیل انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو عوامی رابطے، معلومات کے تبادلے اور معاشی مواقع پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کو معاشی ترقی، جدت اور روزگار کے نئے مواقع کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک عالمی فری لانس معیشت میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور دنیا کے سرکردہ فری لانس ممالک میں شمار ہوتا ہے۔
ملاقات میں شریک صحافیوں نے ڈیجیٹل صحافت کے مستقبل، نئی ٹیکنالوجیز کے اثرات اور بدلتے ہوئے میڈیا ماحول میں صحافیوں کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔



