پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں فرانسیسی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات ہیں، زکریا ضیاء

آئی سی سی آئی اور پاکستان بزنس فورم فرانس اینڈ یورپ کا تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد(فرحین سے) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیاء نے کہا ہے کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، بالخصوص سیاحت، پائیدار انفراسٹرکچر، لگژری برانڈز، خوشبوؤں، کاسمیٹکس اور دیگر ویلیو ایڈڈ شعبوں میں فرانسیسی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع موجود ہیں۔
وہ چیمبر ہاؤس میں پاکستان بزنس فورم فرانس اینڈ یورپ کے 12 رکنی وفد سے خطاب کر رہے تھے، جس کی قیادت فورم کے نائب صدر ڈاکٹر حمزہ تاج نے کی۔ محمد ذکریا اکبر ضیاء نے کہا کہ پاکستان کے وسیع اور بڑی حد تک غیر دریافت شدہ سیاحتی امکانات یورپی سرمایہ کاروں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، شمالی علاقہ جات اور ملک کے دیگر قدرتی حسن سے مالا مال علاقوں میں پائیدار سیاحت کے فروغ کی ضرورت ہے، جہاں ماحول دوست کاٹیجز، چھوٹے سیاحتی دیہات اور جدید ہاسپیٹیلٹی سہولیات کو فرانسیسی اور سوئس الپس کے کامیاب ماڈلز سے استفادہ کرتے ہوئے فروغ دیا جاسکتا ہے۔
آئی سی سی آئی صدر نے کہا کہ پاکستان پائیدار سیاحت، قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال، ماحولیاتی تحفظ اور ہاسپیٹیلٹی کے شعبوں میں فرانسیسی و یورپی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم فرانس اینڈ یورپ کی جانب سے اقتصادی، تکنیکی، ثقافتی اور سیاحتی تعاون پر توجہ دونوں ممالک کے درمیان موجود خیرسگالی کو ٹھوس کاروباری مواقع میں تبدیل کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
اس موقع پر پاکستان بزنس فورم فرانس اینڈ یورپ کے نائب صدر ڈاکٹر حمزہ تاج، چیف آرگنائزر چوہدری محمد سلمان اسلم، سیکرٹری جنرل یاسر خان، پیٹرن اِن چیف ابراہیم محمد، ویلئیرز لے بیل کی میئر جیدا تیختاخ، میئر آف کریل عمر یعقوب اور دیگر وفد اراکین نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔
وفد کے اراکین نے آئی سی سی آئی اور پاکستان بزنس فورم فرانس اینڈ یورپ کے درمیان قریبی ادارہ جاتی تعاون کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے نئے کاروباری مواقع کی نشاندہی، تشہیر اور ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے اجلاس کی نظامت کی، جبکہ ایگزیکٹو ممبر صدف عاصم عباسی، سابق صدر آئی سی سی آئی میاں شوکت مسعود اور دیگر شرکاء نے سوال و جواب کی نشست میں حصہ لیا۔
تقریب میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد وقاص خان، ایگزیکٹو ممبران اور کاروباری برادری کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔



