چکری روڈ پر تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن، متعدد سامان ضبط،بھاری جرمانے

پیرا فورس کینٹ اور ڈسٹرکٹ کونسل کا مشترکہ ایکشن،فہیم ارشد کی نگرانی میں کارروائی،شہریوں کو تجاوزات سے گریز کی ہدایت
راولپنڈی (عبدالرحمان سے) چکری روڈ پر تجاوزات کے خلاف پیرا فورس کینٹ اور ڈسٹرکٹ کونسل کے عملہ نے مشترکہ گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد تجاوزات کنندگان کا سامان ضبط جبکہ خلاف ورزی پر بھاری جرمانے بھی عائد کر دیے۔ کارروائی ایس ڈی ای او پیرا کینٹ انچارج فہیم ارشد کی نگرانی میں کی گئی، اس دوران مختلف مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے سڑکوں اور گزرگاہوں پر قائم تجاوزات کو ہٹایا گیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ای او پیرا کینٹ فہیم ارشد نے کہا کہ شاہراہوں اور عوامی گزرگاہوں کو تجاوزات سے پاک رکھنا ادارے کی ذمہ داری ہے، تاہم کارروائی کے ساتھ شہریوں اور دکانداروں کو آگاہی دینا بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شہری اور تاجر حضرات ازخود اپنی تجاوزات ختم کر کے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار اور عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پیرا کینٹ فہیم ارشد کی جانب سے کارروائی کے دوران مختلف مقامات پر شہریوں کو تجاوزات کے نقصانات اور سڑکوں کو کشادہ رکھنے کے حوالے سے آگاہی بھی دی گئی۔ پیرا فورس کینٹ اور ڈسٹرکٹ کونسل کے مشترکہ آپریشن کو شہری حلقوں کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔



